معاشرے کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے میں وکلاء برادری کا اہم کردار ہے ،

وکلاء کی خدمات اور دکھی انسانیت کی خدمت ان کی نصب ا لعین ہے،پی ٹی آئی رہنماء

ہفتہ 13 جنوری 2018 22:59

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مراد سعید اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک ، امداد باہمی اور فشریز محب الله خان نے کہا ہے کہ معاشرے کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے میں وکلاء برادری کا اہم کردار ہے ، وکلاء کی خدمات اور دکھی انسانیت کی خدمت ان کی نصب ا لعین ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ںنے ہفتے کے روز کبل سوات میں بار ایسوسی ایشن کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں پی ٹی آئی ملاکنڈ ریجن کے سینئر نائب صدر حاجی فضل مولا ، ضلع سوات کے سینئر نائب صدر سعید خان کے علاوہ دیگر مقامی رہنما محمد رحمان اور عزیز الرحمان اور وکلاء برادری کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کبل بار کے صدر او رجنرل سیکرٹری نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب میں پی ٹی آئی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ، ممبر قومی اسمبلی مراد سعید اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی محب الله خان نے صوبائی حکومت کی جانب سے کبل بار کونسل کے لئے پانچ لاکھ روپے گرانٹ کا چیک بھی بار کے عہدیداروں کو دے دیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے کبل سوات میں نئے جوڈیشل کمپلیکس کے قیام کی یقین دھانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مذکورہ کمپلیکس کے قیام کا اعلان پہلے ہی کیا ہے اور اس کی جلد از جلد تعمیر کو یقینی بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت یہ اپنی فر ض سمجھتی ہے کہ وکلاء برادری کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے تاکہ وہ معاشرے کے غریب اور پسے ہوئے عوام کو انصاف فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی نہ کریں ۔ انہو ںنے وکلاء برادری پر زور دیا کہ وہ معاشرے کو انصاف فراہم کرنے میں اپنی غیر متزلزل خدمات جاری رکھیں ۔ تقریب میں وکلاء برادری نے کبل بار کے لئے گرانٹ فراہم کرنے پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور پی ٹی آئی رہنمائوں کو اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :