پشاور ،کوہاٹ میں منشیات کی بھاری کھیپ نذر آتش کردی گئی

ہفتہ 13 جنوری 2018 22:58

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2018ء) کوہاٹ میں منشیات کی بھاری کھیپ نذر آتش کردی گئی ہیں۔منشیات نذر آتش کرنے کی کاروائی مقامی عدالت سے مقدمات فیصلہ ہونے کی صورت میںتلفی کے احکامات پر عمل میں لائی گئی ہے۔تلف کئے جانیوالے مختلف قسم کے نشہ آور اشیاء تھانہ چھائونی پولیس کی الگ الگ کاروائیوں کے دوران پکڑی گئی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ میں چھائونی پولیس کی طرف سے مختلف اوقات کے دوران الگ الگ کاروائیوں میں پکڑی گئی منشیات کی بھاری کھیپ نذر آتش کردی گئی ہیں ۔منشیات نذر آتش کرنے کی کاروائی سینئیر سول جج کوہاٹ راجہ محمد شعیب کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی اور اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ چھائونی انسپکٹر محمد علی و دیگر متعلقہ پولیس افسران بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

منشیات نذر آتش کرنے کی یہ کاروائی فیصلہ شدہ مقدمات میںمال مقدمہ کے طور پر شامل مختلف قسم کے نشہ آور اشیاء کو تلف کرنے کی عدالتی احکامات پر عمل میں لائی گئی ہے ۔سینئیر سول جج کوہاٹ راجہ محمد شعیب کے سامنے نذر آتش کئے جانیوالے منشیات میں تین لاکھ ستانوے ہزار آٹھ سو بائیس (397822)گرام چرس،چاون ہزار آٹھ سو چونسٹھ( 54864 )گرام ہیروئن،چوبیس سو نوے (2490)گرام افیون اور پچاس(50)بوتل شراب شامل ہیں۔

اس موقع پرکوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے اپنے پیغام میں دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ معاشرے سے منشیات کی لعنت کوختم کرنے اور کوہاٹ کو منشیات فری شہر بنانے کیلئے نشہ آور اشیاء کی نقل و حمل میں ملوث عناصر کو شکست فاش سے دوچار کرکے قوم کے معماروں کے درخشاں مستقبل کے خلاف درپے سماج دشمنوں کو کسی رعایت کے بغیر بھر پورعوامی تعاون سے کچل دیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :