ڈپٹی کمشنر کی طرف سے ہلال احمر ہسپتال میں ہونے والی بدعنوانیوںکا نوٹس لیکر کمیٹی تشکیل دینا خوش آئند اقدام ہے، ذوالفقارچوہان

ہفتہ 13 جنوری 2018 22:52

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء)ایوان تجارت وصنعت حیدرآباد کے ممبر ایگزیکٹو کمیٹی ذوالفقار علی چوہان نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر سلیم راجپوت کی طرف سے ہلال احمر ہسپتال میں ہونے والی بدعنوانیوںکا نوٹس لیکر کمیٹی تشکیل دینا خوش آئند اقدام ہے مگر تحقیقات مکمل ہونے تک ہسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر فاروق میمن کو عہدے سے ہٹایا جائے کیونکہ وہ انکوائری کمیٹی پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں جس سے شفاف تحقیقات ممکن نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ذالفقار علی چوہان نے ایک بیان میں کہاکہ ہلال احمر ہسپتال میں سرکاری اور دیگر فنڈز میں کرپشن عروج پر ہے غریب نادار مریض پریشان ہیں جبکہ ہسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر فاروق میمن گذشتہ 25 سال سے عہدے پر براجمان ہیں اور کرپٹ عناصر کو بھی ان کی سرپرستی حاصل ہے، انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر سلیم راجپوت کی طرف سے کرپشن کا نوٹس لیکر انکوائری کمیٹی تشکیل دینا خو ش آئند اقدام ہے مگر ہسپتال میں فوری طور پر فنڈز کا آڈٹ بھی بہت ضروری ہے جبکہ انکوائری کمیٹی کو ہدایات دی جائیں کہ وہ مریضوں ، تیمارداروں اور ہسپتال کمیٹی کے ممبران کے بیانات بھی ریکارڈ کریں، انہوں نے کہا کہ فاروق میمن انکوائری کمیٹی کے ارکان پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں اور مختلف حربے استعمال کررہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہسپتال میں ہونے والی بدعنوانیوں کی شفاف تحقیقات کرائی جائے بصورت دیگر شہر کے تاجر اور سماجی نمائندے سراپا احتجاج بن جائیں گے ۔