خادم اعلیٰ صاف دیہات پروگرام کا پہلا مرحلہ انتہائی کامیاب رہا ،دوسرے مرحلے پرکام شروع کردیاگیاہے۔جاوید محمودبھٹی

ہفتہ 13 جنوری 2018 22:49

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء) ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ پنجاب جاوید محمود بھٹی نے کہا ہے کہ خادم اعلیٰ صاف دیہات پروگرام کا پہلا مرحلہ انتہائی کامیاب رہا ہے اور دوسرے مرحلے پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ دیہی یونین کونسلز کی صفائی کے لئے ٹھیکیداروں کی پر ی کوالیفکیشن بھی شروع کردی گئی ہے۔ تمام دیہی یونین کونسلوں میں 6سنیٹری ورکرز جبکہ شہری خصوصیات کی حامل یونین کونسلوں میں 8سنیٹری ورکرز تعینات کئے جائیں گے اورٹھیکیدار تمام ورکروں کو تنخواہوں ،سنیٹری آلات اور یونیفارم دینے کے پابند ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صاف دیہات پروگرام کے فیزIIکے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈی جی لوکل گورنمنٹ پنجاب نے کہا کہ یوسی سیکرٹریز اور دیہی صفائی کمیٹیاں بھی صفائی آپریشن کو مانیٹر کریں گے۔

(جاری ہے)

ضلعی مانیٹرنگ کمیٹیوں کی سفارشات پر اس پورے پروگرام میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عملہ صفائی کی حاضری کو یقینی بنانا ٹھیکیدار کی ذمہ دار ہوگی۔

اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا کہ کوڑا کرکٹ خندقوں کی فوری نشان دہی کی جائے اور کوڑا تلف کر کے اس پر چونابھی ڈالا جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ دیہی علاقوں کے زیادہ رقبے کے باعث نہ صرف سنیٹری ورکرز کی تعداد کوبڑھایا جائے بلکہ کمیونٹی کو اس پروگرام میں شامل کر کے مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی یونین کونسلوں کے منتخب نمائندوں کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے اور ضلعی کونسل کے چیئرمین اور ڈپٹی کمشنرز بھی اس پروگرام کو مانیٹرکریں گے۔

کمشنرملتان نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد اپنی نوعیت کا یہ واحدپروگرام ہے جس کے دوران دیہاتوں کو ایک مرتبہ میگا آپریشن کے ذریعے صاف کر کے عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان ڈویژن صاف دیہات پروگرام میں ٹاپ پوزیشن پر ہے جس کا کریڈٹ تمام محکموں کو جاتا ہے۔ بلال احمد بٹ نے کہا کہ صاف دیہات پروگرام کے دوسرے مرحلے کے لئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو واضح منصوبہ بندی کے ذریعے اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں تاکہ خادم پنجاب کے اس منصوبے کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچائے جاسکیں۔

اجلاس میں وہاڑی، خانیوال، لودھراں اور ملتان کے چیئرمین ضلع کونسل، ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنرسرفراز احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ارشد گوپانگ اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان اور کمپنیوں کے ٹھیکیدار بھی موجود تھے۔