کریم نے پاکستان کے 3 بڑے شہروں میں اپنے کرائے بڑھا دیے

کریم کی جانب سے یہ فیصلہ حکومت پاکستان کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کیا گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 13 جنوری 2018 21:28

کریم نے پاکستان کے 3 بڑے شہروں میں اپنے کرائے بڑھا دیے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جنوری2018ء)کریم نے فوری طور پر کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں اپنے کرایوں میں اضافہ کیا ہے۔کریم کی جانب سے یہ فیصلہ حکومت پاکستان کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کریم کی جانب سے بھیجی گئی ای میل میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ان کے ڈرائیورز بلاواسطہ یا بلواسطہ متاثر ہو رہے ہیں، جس کے باعث کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں کرایوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کمپنی نے اپنے اس فیصلے کو صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کا سبب بھی قرار دیا۔اگرچہ ای میل میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کرایوں میں کتنے فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے، تاہم مجموعی طور پر کریم کی تمام سروسز پر 20 سے 50 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کرایو میں اضافے کے بعد ’کریم گو‘ کا اسلام آبادی کا بنیادی کرایہ 85 روپے، جب کہ لاہور اور کراچی کا 75 روپے کردیا گیا، اسی طرح ’گو‘ کے دیگر کرایہ جات میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

اسی طرح ’کریم بزنس‘ کا اسلام آباد کا بنیادی کرایہ بڑھا کر 160 روپے، جب کہ کراچی کا بھی 160 اور لاہور کا 200 روپے کردیا گیا، اسی طرح ’بزنس‘ کے دیگر کرایہ جات میں بھی اضافہ کردیا گیا۔ ’کریم ٹیکسی‘ کا اسلام آباد کا بنیادی کرایہ بڑھا کر 35 روپے کرکے اس کے دیگر کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا، دارالحکومت میں ’کریم بائیک‘ کا ابتدائی کرایہ 30 روپے کردیا گیا۔لاہور میں ’کریم بائیک‘ کا بنیادی کرایہ بڑھا کر 25 روپے، جب کہ ’کریم تیز‘ کا کرایہ بڑھا کر 15 روپے کردیا گیا، ان دونوں سروسز کے دیگر کرایوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔کراچی میں ’کریم بائیک‘ کا بنیادی کرایہ 30 روپے، جب کہ ’کریم تیز‘ کا کرایہ 15 روپے کرکے ان دونوں سروسز کے کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔