حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے وفد کی میئرحیدرآباد سے ملاقات

جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر ہیں اور اُن سے تعفن اُٹھ رہا ہے جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے،حاجی الطاف میمن

ہفتہ 13 جنوری 2018 22:39

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے ایک وفد نے نائب صدر دولت رام لوہانہ کی سر براہی میں تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حوالے سے میئر حیدرآباد سید طیب حسین سے ملاقات کی، اس موقع پر چیمبر کی لوکل گورنمنٹ امور سے متعلق سب کمیٹی کے کنونیئر حاجی الطاف میمن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہر اور خصوصی طور پر مارکیٹ ایریاز میں صحت و صفائی کا فقدان ہے جس سے تاجر اور دُکاندار بہت پریشان ہیں، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر ہیں اور اُن سے تعفن اُٹھ رہا ہے جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے، انہوں نے روز بروز بڑھتی ہوئی تجاوزات کے خلاف بھی اقدام کی درخواست کی، میئر نے تمام مسائل حل کرنے کی وفد کو مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ چیمبر مختلف مارکیٹوں سے متعلق لوگوں کا نام انہیں تجویز کریں تاکہ وہ بلدیہ کے چیئرمین حضرات سے مل کر تمام مسائل پر قابو پاسکے، کنونیئر سب کمیٹی نے میئر حیدرآباد کو چیمبر کی اپنی بلڈنگ تعمیر کرنے کے لیے ایک مناسب پلاٹ الاٹ کرنے کی درخواست کی تاکہ مستقل چیمبر کے دفتر کا قیام عمل میں آسکے،اس موقع پر نائب صدر کے علاوہ حاجی الطاف میمن، سہیل قریشی بلدیہ ہیلتھ کمیٹی ، چیئرمین ڈاکٹر محفوظ گدی اور دیگر بلدیہ کے چیئرمین موجود تھے۔