بلاول بھٹو زرداری کا بچوں کو جنسی زیادتی اور دیگر جرائم سے بچانے کے لیئے جلد اقدامات اٹھانے کی اہمیت پر زور

حکومت سندھ اور سول سوسائٹی مل کر ایسے پلان بنائیں ہمارے بچوں کی پرورش پرسکون اور محفوظ ماحول میں ہو، چیئرمین پیپلزپارٹی

ہفتہ 13 جنوری 2018 22:36

بلاول بھٹو زرداری کا بچوں کو جنسی زیادتی اور دیگر جرائم سے بچانے کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کو جنسی زیادتی اور دیگر جرائم سے بچانے کے لیئے جلد اقدامات اٹھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ اور سول سوسائٹی مل کر ایسے پلان بنائیں کہ ہمارے بچوں کی پرورش پرسکون اور محفوظ ماحول میں ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کوچائلڈ ابیوز، صنفی بنیاد پر تشدد، چھوٹی عمر میں شادیوں جیسے مسائل پر کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم آہنگ کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرآصفہ بھٹو زرداری، وزیراعلی مراد علی شاہ، سینیٹر شیری رحمان، وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق ریحانہ لغاری، شمیم وصی، شہزاد رائے اور نازو پیرزادہ بھی اس موقعے پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں آہنگ کی جانب سے سندہ کے سیکینڈری اسکولوں میں متعارف کردہ لائف اسکلڈ بیسڈ ایجوکیشن کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ پی پی پی چیئرمین اور وزیراعلی سندہ سے گذارش کی گئی کہ سندہ میں مذکورہ پروگرام کے بعد اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی نصاب کی لائیف اسکلڈ بیسڈ ایجوکیشن مواد کے ساتھ اشاعت کے لیئے اقدامات کیئے جائیں۔

آہنگ کے مطابق ان کے پاس بڑے بچوں کے لیئے جسمانی حفاظت اور جنسی زیادتی کا شکار ہونے سے بچنے کے متعلق مواد پہلے ہی بنا ہوا ہے، جسے سرکاری و خانگی اسکولوں میں آزمایا بھی گیا ہے۔ پی پی پی چیئرمین اور وزیراعلی نے اتفاق کیا کہ کہ اس طرح کے مواد کو پرائمری اسکولوں کی تیسری، چوتھی اور پانچویں جماعت کے نصاب کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے اصولی طور پر اتفاق کیا کہ ایسے مواد کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے کے عمل کی نگرانی کے لیئے حکومت سندہ اور سول سوسائٹی پر مشتمل مشترکہ کمیٹی کا سربراہ وزیراعلی کو ہونا چاہیئے۔

آہنگ کی جانب سے ٹیکنیکل معاونت فراہم کی جائیگی کیونکہ اس کے پاس مواد اور اس کا طریقہ کار پہلے ہی سے موجود ہے۔ پولیس کے ایک خصوصی ٹاسک فورس، ججز اور میڈیکو لیگل آفیسرز کو بچوں سے زیادتی کی روکتھام کے متعلق تربیت بھی دی جائے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بچوں کو، خواہ وہ اسکول میں ہوں، مدرسے، گلی یا کھیل کے میدان پر، تحفظ دیا جائیگا۔ انہوں نے مذکورہ مقصد کے لیئے سول سوسائٹی کی تنظیموں سے مل جل کر کام کرنے پر حکومت سندہ کو سراہا۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی پارٹی سندہ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے بل کی منظوری سمیت سندہ میں بچوں کے تحفظ کے لیئے قانونسازی کر چکی ہے۔