دوسرا ٹیسٹ، جنوبی افریقن ٹیم پر اعتماد آغاز کے بعد لڑکھڑا گئی، میزبان ٹیم نے بھارت کے خلاف پہلے روز کھیل کے اختتام تک پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 269 رنز بنا لئے، ایڈن مرکرام 94 اور ہاشم آملہ 82 رنز بنا کر نمایاں، ایشون کی 3 وکٹیں

ہفتہ 13 جنوری 2018 22:27

دوسرا ٹیسٹ، جنوبی افریقن ٹیم پر اعتماد آغاز کے بعد لڑکھڑا گئی، میزبان ..
سنچورین ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء) بھارت کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جنوبی افریقن بیٹنگ لائن اپ پر اعتماد آغاز کے بعد لڑکھڑا گئی، میزبان ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنا لئے تھے، کپتان فاف ڈوپلیسی 24 اور کیشو مہاراج 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، میچ کے پہلے روز ایڈن مرکرام اور ہاشم آملہ کے سوا پروٹیز کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، ایڈن اور آملہ نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور بالترتیب 94 اور 82 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا، ایشون نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

ہفتے کو سینچورین میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقن قائد ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ایڈن مرکرام اور ڈین ایلگر نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 85 رنز کا آغاز فراہم کیا، یہاں پر ایشون نے ایلگر کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، ایلگر 31 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوئے، 148 کے سکور پر ایڈن مرکرام جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 94 کے انفرادی سکور پر ایشون کی گیند کا نشانہ بنے، ڈی ویلیئرز جنوبی افریقہ کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 20 رنز بنا کر ایشانت شرما کی گیند پر شکار ہوئے، 246 کے سکور پر پروٹیز کی چوتھی وکٹ گری جب ہاشم آملہ جو کہ بھرپور فارم میں تھے 82 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد ڈی کوک اور فلینڈر بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے تو پروٹیز پر دبائو بڑھ گیا لیکن اس موقع پر کیشومہاراج نے کپتان کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور دن ختم ہونے تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنا لئے تھے، ڈوپلیسی 24 اور مہاراج 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ایشون نے 3 اور ایشانت شرما نے ایک وکٹ لی۔

متعلقہ عنوان :