Live Updates

تحریک انصاف حکومت نے تاریخ ساز قانون سازی، اداروں میں اصلاحات کے ذریعہ منشور کو عملی جامہ پہنا دیا

ایم ایم اے نے اسلام کے نام پر ووٹ حاصل کر کے اسلام کیلئے کچھ نہیں کیا، پہلی بار قرآن اور ناظرہ کی تعلیم کو نصاب میں شامل کیاگیا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے جوڈیشل کمپلیکس کی افتتاحی تقریب ، عوامی اجتماعات سے خطاب

ہفتہ 13 جنوری 2018 21:58

تحریک انصاف حکومت نے تاریخ ساز قانون سازی، اداروں میں اصلاحات کے ذریعہ ..
ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت نے تاریخ ساز قانون سازی اور اداروں میں اصلاحات کر کے اپنے تبدیلی کے منشور کو عملی جامہ پہنا دیا ہے، آج کے صوبہ اور پہلے کے صوبہ میں زمین آسمان کا فرق ہے، گرین پاسپورٹ کی کوئی اہمیت نہیں، امریکی صدر ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے، ایسے میں مرکز میں بھی باہمت قیادت کی ضرورت ہے۔

وہ ہفتہ کو جی ٹی روڈ پر 53 ملین روپے کی لاگت سے نو تعمیر شدہ جوڈیشل کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سمیت ایوب پارک ہری پور اور ترناوہ چوک خان پور میں منعقدہ بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈسٹرکٹ بار کے صدر ملک اسد الله ایڈووکیٹ نے جوڈیشیل کمپلیکس کی خوبصورت عمارت تعمیر کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ہری پور پہنچنے پر تحریک انصاف کے رہنما یوسف ایوب خان، مشیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان، رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ارشد ایوب خان، ضلع ناظم عادل اسلام اور پارٹی کے دیگر رہنمائوں نے سرزمین ہری پور پہنچنے پر وزیراعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس کے بعد ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیا جس پر 30 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے چھپڑا ڈیم، اربن ایریا میں سولر روڈ لائٹس اور ہری پور کی خوبصورتی کے منصوبہ، میرپور میں ماڈل سکول کی تعمیر، تحصیل گرائونڈ سرائے صالح، سرائے صالح ڈگری کالج، تحصیل بلڈنگ ہری پور کی تعمیر سمیت دیگر اربوں روپے کے میگا تاریخی پراجیکٹس کا افتتاح کیا جس کے بعد انجینئرنگ یونیورسٹی منگ اور بعد ازاں خان پور ترناوہ چوک میں خان پور تحصیل جبکہ خان پور گرلز کالج سمیت خان پور میں بھی کئی منصوبوں کے افتتاح کئے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو تباہ حال صوبہ ملا جس کے بعد تاریخ ساز قانون سازی کرتے ہوئے اداروں میں اصلاحات لا کر پورے نظام کو تبدیل کر دیا ہے، آج کے صوبہ اور پہلے کے صوبہ میں زمین آسمان کا فرق ہے، اربوں روپے خرچ کرنے کے بعد آج صوبہ بھر کے لوگوں کو تعلیم و صحت کی بنیادی اور معیاری سہولیات میسر ہیں، ڈاکٹرز اور اساتذہ کو ڈیوٹیوں کا پابند بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے نے اسلام کے نام پر ووٹ حاصل کر کے اسلام کیلئے کچھ نہیں کیا، ہم نے پہلی بار قرآن اور ناظرہ کی تعلیم کو نصاب میں شامل کر کے لازمی قرار دیا ہے، مساجد کے علماء کیلئے و ظیفہ مقرر کیا ہے، سود کو حرام قرار دینے کیلئے قانون سازی کی گئی ہے، صوبہ کے 15 لاکھ غریب لوگوں کو صحت کارڈ دے چکے ہیں جسے 25 لاکھ تک بڑھایا جا رہا ہے جس سے آدھی سے زائد آبادی کو مختلف بیماریوں میں مفت علاج و معالجہ کی سہولت میسر ہو گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعمیراتی منصوبوں میں کرپشن کے خاتمہ اور عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنے کیلئے ای ٹینڈرنگ، ای بڈنگ، ای بلنگ اور ای ورک آرڈر متعارف کرا دی ہے جس کے بعد کرپشن کے تمام دروازے بند ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں وزیراعلیٰ ہائوس میں سودے طے ہوتے تھے، سیاسی مداخلت کا خاتمہ کر کے تھانہ کلچر تبدیل کر دیا ہے جس سے جہاں پہلے پولیس اہلکار سیاسیوں کے آلہ کار بن کر لوگوں کی تذلیل کرتے تھے، اب وہی پولیس بہترین پولیس فورس بن کر عوام کے جان و مال اور عزتوں کی محافظ بن کر کام کر رہی ہے، عوام خود موازنہ کریں صوبہ میں آج تک جتنی بھی حکومتیں آئی ہیں کسی نے اپنے منشور پر عمل نہیں کیا، تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس نے اپنے انتخابی منشور پر عمل کرتے ہوئے صوبہ کی حالت تبدیل کر کے رکھ دی ہے لہذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ لوگ موازنہ کر کے ووٹ دیں، اس وقت ملک کو بھی ایماندار اور باہمت قیادت کی ضرورت ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات