پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات بھائی چارے، اخوت اور برادرانہ رشتوں میں پروئے ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف

ہفتہ 13 جنوری 2018 21:39

پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات بھائی چارے، اخوت اور برادرانہ رشتوں ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے لاہور میں تعینات ترکی کے پہلے قونصل جنرل سردار ڈینیز نے الوداعی ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے پاک ترک تعلقات کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے پر ترکش قونصل جنرل سردار ڈینیز کو خراج تحسین پیش کیا اوران کے مستقبل کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔

وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ترک قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لئے آپ نے موثر انداز میں کام کیا ہے اورآپ ہمارے دلوں میں ہمیشہ یاد رہیں گے، پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات بھائی چارے، اخوت اور برادرانہ رشتوں میں پروئے ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیںاورمحبت اور خلوص کے یہ رشتے دلوں کے رشتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترکی نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کابھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ترکی کی کئی کمپنیاں پاکستان خصوصاً پنجاب میں مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہیں۔ گزشتہ چند برس سے بھائی چارے کا یہ رشتہ معاشی تعاون اور دو طرفہ تجارت میں بدل رہا ہے اورمعاشی تعاون کے باعث دوستی کا یہ لازوال رشتہ مزید مستحکم ہوا ہے‘ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، وزیراعظم اور دیگر قیادت نے ہمیشہ پاکستان کو تعاون فراہم کیا ہے اورہم آپ کے مستقبل کیلئے دعاگو ہیں۔

آپ نے لاہور میں قونصل جنرل کے طور پر احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ ترک قونصل جنرل سردار ڈینیز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں 2 برس لاہور میں قونصل جنرل کے عہدے پر رہا ہوں اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ہر موقع پر مجھے بہت سپورٹ کیا۔لاہور میں گزارے گئے دن زندگی کے بہترین دن ہیں۔لاہور کی خوشگوار یادیں میری زندگی کا اثاثہ ہیںاورلاہور میں گزارے گئے دنوں کی خوشگوار یادیں ہمیشہ یاد رہیں گی۔

انہوںنے کہا کہ آپ نے ہمیشہ محبت اور بہت احترام دیا اورمیں آپ کی تہہ دل سے عزت کرتا ہوں۔انہوںنے کہا کہ آپ پاکستان کے ایک مدبر سیاستدان ہیںاورآپ نے پاک ترک تعلقات کے فروغ کیلئے بہت محنت سے کام کیا ہے۔وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق، صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ملک ندیم کامران، وائس چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، خواجہ احمد حسان اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔