لاہور، سیاسی جماعتیں اشتعال انگیزی پھیلانے سے باز رہیں، شاہ محمد اویس نورانی

شرعی سزاؤں کے نفاذ سے جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے، راہنماء جمعیت علماء

ہفتہ 13 جنوری 2018 21:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ ملک میں جوڈیشل مارشل لا کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ سیاسی جماعتیں اشتعال انگیزی پھیلانے سے باز رہیں۔ خطرات میں گھرا ملک احتجاجی تحریک کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ دھرنوں کی سیاست ملک اور جمہوریت کے لئے خطرناک ہے۔

اپوزیشن سیاسی اداکار طاہرالقادری کی آلہ کار نہ بنے۔ عمران خان نے اپنی پیرنی سے شادی کر کے روحانیت کو بدنام کیا ہے۔ قصور میں معصوم بچی کے قتل کے روح فرسا واقعہ سے پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب کے لئے قصور کا واقعہ ٹیسٹ کیس ہے۔ شرعی سزاؤں کے نفاذ سے جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ اقتدار کی رسہ کشی میں ملک کمزور ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

سیاستدان تھرڈ امپائر کی طرف دیکھنا چھوڑ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ تمام ریاستی ادارے اپنی آئینی ذمہ داریوں تک محدود رہیں تو جمہوری نظام خوش اسلوبی سے چل سکتا ہے۔ پردے کے پیچھے چھپی قوتیں سیاسی عدم استحکام پیدا کر رہی ہیں۔ سیاستدان غیر سیاسی قوتوں کی سازشیں ناکام بنانے کے لئے سیاسی پختگی کا رویہ اختیار کریں۔ امریکی دھمکیوں پر مشترکہ قومی بیانیہ جاری کیا جائے۔ پاکستان کو اس وقت داخلی وحدت کی ضرورت ہے۔ امریکی امداد کے بغیر پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :