نیب کا پاناما کیس سے متعلق جے آئی ٹی کا مواد حاصل کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی ہفتہ 13 جنوری 2018 20:02

نیب کا پاناما کیس سے متعلق جے آئی ٹی کا مواد حاصل کرنے کیلئے سپریم کورٹ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 جنوری 2018ء) نیب نے پاناما کیس سے متعلق جے آئی ٹی کا مواد حاصل کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں سابق اور نااہل وزیراعظم نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز، صاحبزادوں حسین، حسین نواز، داماد کیپٹن (ر) صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنسز دائر کیے جن میں تمام افراد پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔

 ان ریفرنسز کے سلسلے میں نیب نے پاناما کیس سے متعلق مواد حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے درخواست بھی تیار کرلی گئی ہے۔نیب کی جانب سے تیار کردہ درخواست کے متن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ احتساب عدالت کو زیر التوا ریفرنسوں کے سلسلے میں مصدقہ ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

پاناما کیس جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء شریف خاندان کے خلاف تینوں ریفرنسوں میں اہم گواہ ہیں۔

 جبکہ چونکہ نیب نےایون فیلڈ میں ضمنی ریفرنس بھی تیار کر رکھا ہے لہذا ضمنی ریفرنس میں تین مزید گواہان کی فہرست دی جائے گی۔ درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ فلیگ شپ ریفرنس کے معاملے پر نیب کی تین رکنی ٹیم اتوار کو ڈی جی نیب راولپنڈی ظاہر شاہ کی سربراہی میں لندن جائےگی۔ دورے کا مقصد باہمی معاونت سے متعلق قانون کےتحت ثبوت حاصل کرنے ہیں۔ واضح رہے کہ شریف خاندان کے خلاف سپریم کورٹ کے حک م پر لندن پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل مل اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ کے ریفرنسز دائر کیے گئے ہیں جب کہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس بنایا گیا ہے۔ اب اسی سلسلے میں سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔