اپریل میں منعقد ہونے والی ایجوکیشن ایکسپو تعلیمی میدان میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی، گورنر سندھ

ہفتہ 13 جنوری 2018 20:39

اپریل میں منعقد ہونے والی ایجوکیشن ایکسپو تعلیمی میدان میں اہم سنگ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے چین کے دو اہم پولی ٹیکنکس کے وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں Binzhou پولی ٹیکنک کے نائب صدر Xuan Yonghua,Wang Jinbo,Liu Jian اور Li Wenyan جبکہ Rizhao پولی ٹکنیک کے نائب صدر Han Zhen,Mou Shenyong,Liu Xiangze,Li Yufeng اور Wang Fen شامل تھے۔ ملاقات کے دوران اپریل میں کراچی میں منعقد کی جانے والی ایجوکیشن ایکسپو میں چین کے تعلیمی اداروں کی شرکت اور صوبہ کی جامعات کے ساتھ تعاون میں مزید اضافے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہفتہ کو گورنر ہائوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے کہا کہ یہ نمائش پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی جبکہ ایجوکشن ایکسپو میں چین کے 100 سے زائد تعلیمی اداروں کی شرکت سے دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب آنے کے مواقع ملیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے ذریعے نہ صرف دونوں ممالک کی جامعات کے مابین قریبی تعاون فروغ پائے گا بلکہ چین کی جامعات میں پاکستان سے مزید طالب علموں کو تعلیم کے لئے جانے میں بھی مدد ملے گی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ایجوکیشن ایکسپو کے انعقاد میں ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ اسے ایک کامیاب ایونٹ بنایا جا سکے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری پاک چین دوستی ہر امتحان میں پوری اتری ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ اس عظیم دوستی کا واضح ثبوت ہے۔ گورنر سندھ نے بطور چانسلر چین کی جامعات کو سی پیک کے حوالے سے تعاون کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ کی جامعات سمینار، ورکشاپس اور دیگر ذریعے سے سی پیک کے فروغ کے لئے چینی جامعات اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وہ چین کی جامعات کو ایجوکیشن سٹی میں کیمپس قائم کرنے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ دیگر جامعات کی طرح وہ بھی تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد شہر میں معاشی، اقتصادی، سماجی تجارتی، ثقافتی اور دیگر سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کراچی میں انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس منعقد کی گئی ہے جبکہ اگلے ماہ عالمی اسکواش ٹورنامنٹ اور مارچ میں عالمی فلم فیسٹیول منعقد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن گیا ہے جہاں رات گئے تک کاروبار زندگی رواں دواں رہتا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سی پیک حقیقی معنوں میں پاکستان سمیت پورے خطہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، اس سے نہ صرف چین کو اقتصادی طور پر فائدہ ہوگا بلکہ پاکستان کی معیشت میں بھی انقلاب برپا ہوگا اور تعمیر و ترقی کے تیز رفتار ترین دور کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چین معاشی سپر پاور ہے پاکستان اس کے تجربات سے ہر شعبہ میں بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ وفد کے اراکین نے گورنر سندھ کو بتایا کہ چین کی جامعات اس ایکسپو میں شرکت کے لئے بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک دونوں پولی ٹیکنکس نے تعلیم کے شعبہ میں قریبی تعاون کے لئے بحریہ یونیورسٹی، ڈی ایچ اے صفا یونیورسٹی، اقراء یونیورسٹی، سرسید یونیورسٹی اور انڈس یونیورسٹی کے ساتھ باہمی تعاون کی مفاہمتی دستاویز پر دستخط کئے ہیں جبکہ آئی بی اے کے ساتھ جلد دستخط کئے جائیں گے۔

گورنرسندھ کو بتایاگیا کہ Rizhao پولی ٹیکنک میں 14000 طالب علم زیر تعلیم ہیں جبکہ فیکلٹی کی تعداد 904 ہے، 12 ممالک کی 21 جامعات کے ساتھ Rizhao پولی ٹیکنک تعلیمی تعاون کرتا ہے اور اس میں فنانس، بزنس مینجمنٹ، انجینئرنگ، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعلیم دی جاتی ہے جبکہ Binzhou پولی ٹیکنک میں طالب علموں کی تعداد 15 ہزار اور فیکلٹی کی تعداد 949 ہے اس کے شعبہ جات کی تعداد 41 ہے جس میں سائنس، انجینئرنگ، زراعت، میڈیسن، فنانس، آرکٹیکچر، آرٹ، نیوی گیشن اور دیگر شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :