خادم رسول ﷺنعت و قرآت و سیرت نبوی ﷺ تقریری مقابلہ 2018کا انعقاد

نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ کو سرٹیفکیٹس اور کیش پرائزز دیئے جائیں گے اول انعام ایک لاکھ، دوئم 75ہزار، اور سوئم انعام 50ہزار روپے دیا جائے گا وزیر اعلیٰ پنجاب نے قصور واقعہ کے حوالے سے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے : رانامشہود کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 13 جنوری 2018 20:36

خادم رسول ﷺنعت و قرآت و سیرت نبوی ﷺ تقریری مقابلہ 2018کا انعقاد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت پنجاب بھر کے سکولوں میں یونین کونسل، تحصیل ، ضلع اور صوبائی سطح پر خادم رسول ﷺنعت و قرآت و سیر نبویﷺ تقریری مقابلے منعقد کروائے جارہے ہیں۔ ان مقابلوں میں پرائمری، سکینڈری ، ایلیمنٹری اور ہائرسکینڈری سکولوں کے لاکھوں بچے نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔

یہ بات صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے ڈی جی پی آر آفس میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ ان مقابلوں میں حصہ لینے والوں کو سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے جبکہ نمایاںپوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں کیش پرائزز تقسیم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

18جنوری کو ایک پر وقار تقریب میں صوبائی سطح پر اول پوزیشن حاصل کرنے والے ونرز کو ایک ایک لاکھ روپیہ، دوئم پوزیشن حاصل کرنے والے ونرز میں 75،75ہزار روپے اورسوئم پوزیشن حاصل کرنے والوں میں 50،50ہزار روپے کے نقد انعامات دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت پنجاب بھر کے سکولوں میںزیور تعلیم سے آراستہ ہونے والے طلباء و طالبات میں مقابلہ نعت ، قرات و سیرت نبوی ﷺ منعقد کروانے کا مقصد بچوں کو دین سے آگاہی دینا اوران میں مذہبی جذبات اجاگر کرنا ہے ۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ قصو ر سانحہ پر پوری قوم دکھی ہے۔

اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر اس گھنائونے فعل کے ذمہ داروں کومنطقی انجام تک پہنچانے کیلئے تشکیل دی جانے والی جے آئی ٹی اپنا کام کر رہی ہے۔مقتول بچی کے والد کے کہنے پر جے آئی ٹی کا سربراہ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔قصور واقعہ کے ذمہ داران کی جلد سے جلدگرفتاری کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے پانچ اضلاع کی تفتیشی ٹیموں کو قصور میں تعینات کر دیا ہے۔

فرانزک ٹیم جدید آلات کے ذریعے اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔انشاء اللہ تعالیٰ بچی کا قاتل جلد پکڑا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے قصور واقعہ کے حوالے سے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جوعوام کو ایسے گھنائونے واقعات سے متعلق آگاہی دینے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کرئے گی۔

انہوں نے اس حوالے سے معلوماتی لٹریچر سلیبس میں شامل کرنے کا بھی عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا سرمایہ ہیں۔ان کی سیکورٹی ہمارا فرض ہے۔ صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ کچھ منفی عناصر کی جانب سے سیاسی دکان چمکائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میری میڈیا کے نمائندوں کے ذریعے سب سے درخواست ہے کہ قصور سانحہ پر سیاست نہ کریں بلکہ ایسے سفاک درندوں کو بے نقاب کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں۔