بلاول بھٹو کی ہدایت پر پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کے وفد کی قصور میں زینب کے اہلخانہ سے تعزیت

نام نہاد خادم اعلیٰ کاغذی کاروائی کرنے اور روایتی نوٹس لینے کی بجائے عملی اقدامات کرکے دکھائیں ‘ ثمینہ خالد گھرکی

ہفتہ 13 جنوری 2018 20:00

بلاول بھٹو کی ہدایت پر پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کے وفد کی قصور میں زینب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر قصور میں درندہ صفت شخص کے ہاتھوں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی معصوم زنیب کے والدین سے اظہار تعزیت کے لئے پیپلز پارٹی شعبہ خواتین پنجاب کی صدر ثمینہ خالد ‘ نرگس خان اور سونیا خان کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے ان کے گھر جا کر اظہار تعزیت کی اور مرحومہ کے و الدین کو یقین دلایا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مرحومہ کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے ثمینہ خالد گھرکی اور سونیا خان نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح سے ناکام ہو چکی ہے منہ چھپا کر پھرنے والے وزیر اعلیٰ پنجاب دن کی روشنی میں قصور کا رخ نہیں کر سکے ، حکومت مشینری عوام کے جان و مال کے تحفظ کی اصل ذمہ داری سے غافل دکھائی دیتی ہے حکمران جماعت کی کاسہ لیسی میں لگی ہوئی کرپٹ پولیس عام آدمی کی داد رسی نہیں کر رہی اور قصور کی بد ترین مثال نے ثابت کیا ہے کہ ملک میں امن و امان کی خراب تر صورتحال سب سے زیادہ صوبہ پنجاب میں ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نام نہاد خادم اعلیٰ کاغذی کاروائی کرنے اور روایتی نوٹس لینے کی بجائے عملی اقدامات کرکے دکھائیں ۔