پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں سیرت النبی نعت رسول مقبول ﷺ پروگرام کا اغاز 18 جنوری سے کر دیا جائے گا،رانا مشہود احمد

قصور کے حالات بہتر ہوتے ہی سانحہ قصور کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی جائیں گی، صوبائی وزیر تعلیم پنجاب

ہفتہ 13 جنوری 2018 19:37

پنجاب  بھر کے تعلیمی اداروں میں سیرت النبی نعت رسول مقبول ﷺ پروگرام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2018ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں سیرت النبی نعت رسول مقبولؐ کا پروگرام شروع کر رہی ہے، جس کا آغاز 18 جنوری سے کر دیا جائے گا، گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ قصور کے حالات بہتر ہوتے ہی سانحہ قصور کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ قصور کا معاملہ جے آئی ٹی کے پاس زیر تفتیش ہے، اس لئے وہ اس ایشو پر مزید کو ئی بات نہیں کرنا چاہتے۔ تاہم انہوں نے میڈیا کے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ قصور میں انتشار پھیلانے والے قصور کے شہری نہیں ہیں، کچھ لوگ اس معاملے پر سیاست کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقتولہ زینب کی والدہ کا کہنا تھا کہ وہ انصاف چاہتے ہیں، بچوں پر جنسی تشدد کی تحقیقات کرنے اور اس حوالے سے قانون سازی کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو بچوں پر جنسی تشدد کے پرانے کیسوں کا جائزہ لے گی اور اس حوالے سے پولیس کی کارکردگی کو بھی دیکھے گی۔

یہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر سفارشات تیار کرکے ایک ہفتہ میں رپورٹ پیش کرے گی، رانا مشہود نے کہا کہ عدالتوں کا کام کسی بھی ایشو پر ڈیڈ لائن دینا نہیں ہوتا، عدالتوں کا کام انصاف فراہم کرنا ہوتا ہے۔