ایئر یونیورسٹی کے طلباء نے بجلی سے چلنے والی اورکم خرچ پر زیادہ سفر کرنے والی الیکٹرک کار"مارخور" متعارف کروادی

ہفتہ 13 جنوری 2018 19:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جنوری2018ء) ایئر یونیورسٹی کے طلباء نے بجلی سے چلنے والی اورکم خرچ پر زیادہ سفر کرنے والی الیکٹرک کار"مارخور" متعارف کروادی ہے، گیگا مال میں منعقدہ دوروزہ کار اینڈ بائیک شو کے موقع پر مار خور کے نام سے الیکٹرک کار میں شائقین نے خاصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا، ایئر یونیورسٹی کے میکاٹرونکس ڈیپارٹمنٹ کے فائنل ایئر کے طلباء پر مشتمل میک دی ٹیک ٹیم نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی سے چلنے والی گاڑی مارخور متبادل توانائی کے ذرائع کے بہتر ین استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے،اس موقع پر فیکلٹی ایڈوائزرعمر فاروق اور دوسرے ٹیم ممبران بشمول عبدالغنی زاہد، سعد شیخ، حماس احمد، احسن اسلام، باصم فریدی، یحییٰ ابرار خان، عدن سالم اور سید اسامہ صابر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ٹیم لیڈر مزمل عمران کا کہنا تھا کہ مارخور گاڑی ماحول دوست ہے اوراس حوالے سے کسی قسم کے منفی اثرات مرتب ہونے کا قطعی کوئی امکان نہیں، ایک سوال کے جواب میں ایئر یونیورسٹی کے طلباء نے بتایا کہ الیکٹرک کار کی تیاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ مارخور گاڑی گزشتہ برس عالمی مقابلے کی فاتح گاڑی سے زیادہ تیزرفتاری سے سفرکرسکتی ہے۔ طلباء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انکی تیار کردہ الیکٹرک کار رواں برس سنگاپور میں منعقدہونے والے عالمی مقابلے شیل ایکو مراتھن ایشیا 2018کے موقع پر دنیا بھر کی الیکٹرک گاڑیوں کا بھرپور مقابلہ کرنے میں کامیاب ہوگی، دوروزہ کار اینڈ بائیک شو میں شائقین کی کثیر تعداد نے ایئریونیورسٹی کے طلباء کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :