قصورسانحہ کے ملزم کی عدم گرفتار ی نے شہبازشریف کی گڈگورننس کا پول کھول دیا ہے ‘سیدصمصام علی بخاری

ماضی کے واقعات کے ملزمان کی بھروقت گرفتاری اور سزائوں سے قصور جیسے سانحات سے بچا جاسکتا تھا‘سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی پنجاب

ہفتہ 13 جنوری 2018 19:13

قصورسانحہ کے ملزم کی عدم گرفتار ی نے شہبازشریف کی گڈگورننس کا پول کھول ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ سانحہ قصور پر پوری قوم سوگوار میں ہے ، زینب ہم سب کی بیٹی تھی، سانحہ قصور کے ملزم کو فوری گرفتار کیا جانا چاہئے تھا ،قصورسانحہ کے ملزم کی عدم گرفتار ی نے شہبازشریف کی گڈگورننس کا پول کھول دیا ہے ،ماضی کے واقعات کے ملزمان کی بھروقت گرفتاری اور سزائوں سے قصور جیسے سانحات سے بچا جاسکتا تھا،بلوچستان میں (ن) لیگ کی حکومت کے خاتمے سے نوازشریف کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں، آئندہ الیکشن میں (ن) لیگ کا حال جو حال ہوگا وہ پوری قوم دیکھے گی۔

ان خیالات کا اظہار سید صمصام علی بخاری نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شہبازشریف نے رات کے اندھیر ے میں قصور کا دورہ کر کے اپنی مقبولیت کا اندازہ لگا لیا ہے ، پنجاب کے حکمران مسلسل گورنمنٹ میں رہنے کے باوجود پولیس سمیت دیگر اداروں کی حالت بہتر بنانے میں بُری طرح ناکام رہے ہیں، پولیس میں چور ، ڈاکوئوں اور بُرے کریکٹر کے لوگوں بھرتی کیا گیا ہے جس سے پولیس کی کارکردگی زیرو ہے ، شریف فیملی اپنی سیکیورٹی کے لئے ہزاروں اہلکاروں کو استعمال کررہی ہے جبکہ عوام کو بے یارومددگار چھوڑا ہوا ہے ،پنجاب بھر میں ڈاکو ئوں کا راج ہے اور شہری روزانہ اپنی قیمتوں چیزوں اور نقدی سے محروم ہو رہے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ، انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران چور مچائے چور والی پالیسی پر گامزن ہیں اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کی ان کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے ، سید صمصام علی بخاری نے کہاکہ پورے ملک کی عوام تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہی ہے اور وہ سمجھتی ہے کہ ملک کو درپیش موجودہ بحران سے صرف عمران خان ہی حل نکال سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :