زینب کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ،رانا مشہود ،

خواجہ عمران نذیر ، محمد احمد خان قتل کیس کی جدید خطوط پر تفتیش کیلئے جے آئی ٹی نے کام شروع کر دیا ہے‘جلد درندہ صفت انسان کے گریبان تک پہنچ جائینگے ‘شر پسند عناصر واقعہ کی آڑ میں شہر کا امن تباہ کر رہے ہیں ،غیور عوام انہیں مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دینگے احتجاج کے دوران ہلاک ہونیوالے دو شہریوں کی ایف آئی آر درج ہو چکی ،انکوائری کے بعد ذمہ داران کو سخت سزا دی جائیگی ،معاشرے کے تمام طبقات کیساتھ ملکر شہر کو دوبارہ امن کا گہوارہ بنائینگے ، صوبائی وزراء اور ترجمان پنجاب حکومت کی مشترکہ پریس کانفرنس

ہفتہ 13 جنوری 2018 19:13

زینب کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ،رانا ..
قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء) زینب کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ‘زینب قتل کیس کی جدید خطوط پر تفتیش کیلئے جے آئی ٹی نے کام شروع کر دیا ہے‘جلد درندہ صفت انسان کے گریبان تک پہنچ جائینگے ‘شر پسند عناصر زینب قتل کیس کی آڑ میں شہر کا امن تباہ کر رہے ہیں لیکن یہاں کے غیور عوام انہیں اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دینگے ‘احتجاج کے دوران ہلاک ہونیوالے دو شہریوں کی ایف آئی آر درج ہو چکی ہے انکوائری کے بعد ذمہ داران کو سخت سزا دی جائیگی ‘حکومت پنجا ب زینب قتل کیس میں مدد کرنیوالے کو 1کروڑ روپے بطور انعام دیگی ‘سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے ‘معاشرے کے تمام طبقات کیساتھ ملکر شہر کو دوبارہ امن کا گہوارہ بنائینگے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں ‘صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خاں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر قصور کے کمیٹی روم میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی ملک رشید احمد خاں ‘وسیم اختر شیخ ‘رکن صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں ‘صدر بارایسوسی ایشن قصور ملک ریاض احمد خاں ‘حاجی صفدر انصاری ‘چیئر مین میونسپل کمیٹی قصور ایاز احمد خاں ‘وکلاء ‘انجمن تاجران ‘سنی کونسل کے عہدیداران اور میڈیاکی کثیر تعداد موجود تھی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف زینب قتل کیس کی خود نگرانی کر رہے ہیں حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہ رہے زینب قتل کیس کی جدید خطوط پر تفتیش جاری ہے اور جے آئی ٹی نے بھی اپنا کام شروع کر دیا ہے بہت جلد اس اہم کیس میںبریک تھرودینگے ۔نہ صرف قاتل کو نشان عبرت بنائینگے بلکہ آئندہ بھی ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے پنجاب حکومت موثر حکمت عملی بنا رہی ہے ۔

صوبائی وزیرخواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ہسپتالوں سمیت دیگر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے ملک سے مخلص نہیں ہیں ہم سب کو ملکر ان چند شر پسند عناصر کا مقابلہ کرنا ہے اور شہر میں امن کی فضا کو دوبارہ بحال کرنا ہے ۔ زینب کی موت پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور مقتولہ کے قاتلوں کو کیس صورت معاف نہیں کیا جائیگا۔ متعلقہ ادارے زینب کے قاتل کو گرفتار کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ۔

جدید خطور پر جاری تفتیش میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جلد زینب کا قاتل قانون کے شکنجے میں ہوگا۔ ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے متعلقہ اداروں کو حکم دیا ہے کہ جلد از جلد زینب کے قاتل کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے یہی وجہ ہے کہ وہ نہ صرف خود بلکہ دیگر وزراء بھی قصور میں موجود ہیں اور اس سلسلے میں جاری تفتیش کی خود نگرانی کر رہے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قصور کی سیاسی قیادت اس سانحہ پر افسردہ ہے اور شہر کی سیاسی ‘سماجی تنظیموں ، تاجروں ، وکلاء اور صحافی برادری کیساتھ ملکر شہر کی فضا ء کو شر پسند عناصر سے پاک کرنے اور اسے امن کا گہوارہ بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے پر امن رہنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کرنے کی اپیل کی تا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی تمام توجہ زینب کے قاتل کو گرفتار کرنے پر لگا سکیں ۔

ملک احمد خاں نے مزید کہا کہ میڈیا سمیت تمام طبقات کو روزانہ کی بنیاد پر اس کیس میں ہونیوالی پیش رفت سے آگاہ رکھا جائیگا تا کہ شر پسند عناصر کو جھوٹا پراپگنڈہ کرنے کا موقع نہ مل سکے ۔ اس موقع پر وکلاء ‘تاجر برادری اور دیگر دینی جماعتوں نے حکومت کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔