آئی سی سی انڈر19ورلڈ کپ ، دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو شکست، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور زمبابوے کا شاندار آغاز

ہفتہ 13 جنوری 2018 19:06

آئی سی سی انڈر19ورلڈ کپ ، دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو شکست، نیوزی لینڈ، ..
آکلینڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جنوری2018ء) آئی سی سی انڈر19ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا، عالمی اور دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو ابتدائی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، میزبان نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور زمبابوے کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت کر جاندار آغاز کیا۔

(جاری ہے)

ہفتے کو میگا ایونٹ میں کھیلے گئے ایک میچ میں نیوزی لینڈ انڈر 19 ٹیم نے ویسٹ انڈیز انڈر 19 کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں جاندار انٹری کی، ویسٹ انڈین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کیگن سیمنز 92 اور میلیوس 78 رنز بنا کر نمایاں رہے، دونوں بلے بازوں نے ٹیم کو 123 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم دونوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکا، فشر اور راوندرا نے 3، 3 اور مرے نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں نیوزی لینڈ انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 39.3 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، فن ایلن نے 115 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، جیکب بوہلا 83 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم نے نمیبیا انڈر 19 کو 87 رنز سے زیر کیا، بارش کے باعث میچ کو 20 اوورز تک محدود کیا گیا، بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 190 رنز بنائے، کپتان حسن سیف نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، محمد نعیم 60 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جواب میں نمیبیا کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 103 رنز تک محدود رہی، وان وک 55 رنز بنا کر بنا کر نمایاں رہے، قاضی اونک اور حسن محمود نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، ایک اور میچ میں زمبابوے انڈر 19 نے پاپوا نیو گنی انڈر 19 کو 10 وکٹوں سے ہرا کر کامیابی سمیٹی، فاتح ٹیم نے 96 رنز کا آسان ہدف 14 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان حاصل کیا، ویسلے 53 اور ڈالر 41 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

متعلقہ عنوان :