وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے حالات زندگی

ہفتہ 13 جنوری 2018 18:37

وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے حالات زندگی
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء) نو منتخب وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا تعلق مسلم لیگ( ق) سے ہے اور وہ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ PB-41سے منتخب رکن اسمبلی ہیں میر عبدالقدوس بزنجو یکم جنوری 1974کو اپنے آبائی گائو ں شندی جھائو تحصیل آواران میں میر عبدالمجید بزنجو کے گھر میں پیدا ہوئے انکے والد بھی رکن صوبائی اسمبلی اورسابق صوبائی وزیر رہ چکے ہیں وہ پیشے کے اعتبار سے زمیندار اور سیاست دان ہیں میر عبدالقدوس بزنجو ڈپٹی اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی ،قائمقام اسپیکر ،قائمقام گورنر بھی رہ چکے ہیں کئی مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی اور وزیر بھی رہے ۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے ابتدائی تعلیم آوران سے حاصل کی وہ میر جام یوسف کی کابینہ میں وزیر رہے۔

(جاری ہے)

2013ء سے 2015تک بلوچستان صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر رہے تاہم سابق وزیراعلی نواب ثناء اللہ خان زہری سے اختلافات کے باعث وہ ڈپٹی اسپیکرکے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی سے انگلش میں ماسٹر کیا ہواہے زمانہ طالب علمی میں ہی باقاعدہ سیاست کا آغاز کیا میر عبدالقدوس بزنجو 2002ء میں پہلی مرتبہ پی بی 41آوران سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور 2002ء سے 2007 تک سابق وزیراعلی میر جام یوسف کی کابینہ میں وزیر لائیو اسٹاک رہے پھر 2013ء کے انتخابات میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے ان کا آبائی گائوں ضلع آوران ہے تاہم وہ بلوچستان اور سندھ کے سنگم واقع حب شہر میں رہائش پذیر ہیں ۔

وزیر اعلی میر عبدالقدوس بزنجو اپنے والد سابق صوبائی وزیر میر عبدالمجید بزنجو اپنے بھائی میر عبدالجلیل بزنجو اور میر عبدالوہاب بزنجو کیساتھ رہتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :