کے الیکٹرک کی جانب سے جولائی 2017سے اب تک 90,000نئے کنکشنز فراہم کئے گئے

ہفتہ 13 جنوری 2018 18:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء) کے الیکٹرک کی جانب سے مالی سال 2017-18(جولائی 2017سے اب تک (کے دوران 90,000نئے کنکشنز کی فراہمی کے علاوہ غیر مراعات یافتہ علاقوں میں 63,000کم قیمت میٹرز بھی نصب کئے گئے ہیں۔پاور یوٹیلٹی اپنے صارفین پر توجہ مرکوز کرنے اور کارکردگی کو مسلسل بہتر بنانے میں سرگرم عمل ہے اور اسی مقصد کے تحت ادارے نے گزشتہ سال نئے کنکشن کے حصول کومزید تیز کرتے ہوئے درخواست کے عمل کو شہر بھر میں قائم 29آئی بی سیز کے ذریعے تیز اور آسان بنادیا ہے ۔

اس اقدام کے تحت صارفین کو بروقت ایس ایم ایس اپ ڈیٹس کے ذریعے اپنے نئے کنکشن کی درخواست کے بارے میں اپ ڈیٹ رکھا جاتا ہے ۔نئے کنکشن کی تنصیب کیلئے ایک ٹیم وقف ہے جو ای میل یا 118کال سینٹر کے ذریعے درخواست گزار کوپورے طریقہ کار کے دوران مکمل معاونت فراہم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

نئے کنکشن کے حصول کا درخواست فارم ادارے کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔قابل قدر صارفین کی تجاویز اورقیمتی آراء کی بنیاد پر نئے یا اضافی میٹرزکے حصول کے طریقہ کار مزید سہل بنانے کیلئے مخصوص دستاویزات کو بھی آسان کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ،’’صارفین کو بجلی کے نئے کنکشن کے حصول میں مزید آسانی فراہم کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلی ہمارے صارفین کیلئے نہایت مفید ثابت ہوئی ہے ۔آٹومیشن کے عمل اورضروری دستاویزات میں کمی جیسے اقدامات کو صارفین کی جانب سے بے حد سراہا گیا ہے اور نئے کنکشن حاصل کرنے کے وقت میں بھی کافی کمی آئی ہے۔کے الیکٹرک بین الاقوامی معیار کے مطابق ISOسے تصدیق شدہ اداروں سے میٹرز کی خرید وتنصیب کرتا ہے ۔

‘‘ واضح رہے کہ گزشتہ سال کے الیکٹرک نے نئے کنکشن حاصل کرنے والے صارفین کو فنڈز جمع کرانے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے ون لنک ، حبیب میٹرو بینک اورفیصل بینک کے ساتھ اشتراک کیا تھا۔کے الیکٹرک آنے والے مہینوں کے دوران فنڈز جمع کرنے کیلئے مزید بینکوں کے ساتھ اشتراک کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :