یوٹیلیٹی سٹوروں پراشیائ کی کمی ،ماہانہ سیل 4 کے بجائے 1 ارب ہوگئی

ہفتہ 13 جنوری 2018 18:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2018ء)ملک بھر میں 6 ہزار یوٹیلیٹی سٹوروں پر 150 اشیا کی قلت پیدا ہو گئی۔ سٹوروں کی ماہانہ سیل 4 ارب سے کم ہو کر ایک ارب روپے رہ گئی۔تفصیلات کے مطابق دالیں، چاول، چینی اور کو کنگ آئل سمیت نجی کمپنیوں کی چھوٹی بڑی 150 کے قریب اشیا کی قلت پیدا ہونے سے غریب اور متوسط طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

یوٹیلیٹی سٹور 29 ارب روپے کے نادہندہ ہیں لیکن ادائیگی حکومت کی ترجیحا ت میں شامل نہیں۔ ملک بھر میں سٹوروں پر کھانے پینے کی اشیا کا سٹاک ختم ہو گیا ہے جبکہ 2 ماہ تک نئی خریداری نہیں کی جائیگی۔ذرائع نے بتایا کہ ٹریڈنگ کارپوریشن اوپن مارکیٹ سے چینی خرید کر ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹوروں پر سپلائی کرتی ہے۔ حکومت نے 2017ئ میں پونے تین ارب روپے ادا کرنے تھے، وہ ابھی تک ادا نہیں کئے گئے۔ پچھلے 4 سال میں وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹوروں کی مد میں کوئی رقم ادا نہیں کی جو اب مجموعی طور پر 29 ارب روپے ہو گئی ہے۔۔