ولی حامد سے طلاق کے بعد اداکارہ نور کی پانچویں شادی کی خبریں میڈیا میں گردش

میں نے انڈسٹری چھوڑ دی ہے مجھے کوئی شادی نہیں کرنی ہے، مجھ سے غلطیاں ہوئیں کہ میں نے شادی کرکے گھر بسانے کی کوشش کی لیکن ایسا نہیں ہوسکا، اداکارہ نے تردید کردی

ہفتہ 13 جنوری 2018 18:21

ولی حامد سے طلاق کے بعد اداکارہ نور کی پانچویں شادی کی خبریں میڈیا میں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2018ء) ولی حامد سے طلاق کے بعد اداکارہ نور کی پانچویں شادی کی خبریں میڈیا میں گردش کررہی ہیں تاہم نور نے اپنی شادی کی خبروں پر خاموشی توڑدی ہے۔اداکارہ نور بخاری میڈیا میں اپنی اداکاری سے زیادہ شادی اور طلاق کی خبروں کے باعث شہرت رکھتی ہیں۔ نور اب تک چار شادیاں کرچکی ہیں اور چاروں مرتبہ ان کا گھر نہ بس سکا۔

کچھ عرصہ قبل نور نے اپنے چوتھے شوہر ولی حامد خان سے طلاق لے کر شوبز کو چھوڑنے اور مکمل طور پر حجاب لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ ابتدا میں تو ان کے اس فیصلے پر خوب تنقید کی گئی اور اسے بھی سستی شہرت حاصل کرنے کا حربہ خیال کیا گیا تاہم لوگوں نے آہستہ آہستہ نور میں آئی اس تبدیلی کو قبول کرلیا۔ تاہم اداکارہ نور اب ایک بار پھر لوگوں کے نشانے پر ہیں اور میڈیا میں افواہیں گردش کررہی ہیں کہ نور پانچویں شادی کرنے جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

اپنی پانچویں شادی کی خبروں اور تنقید سے تنگ آکر نورنے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنی پانچویں شادی سے متعلق چپ توڑ دی ہے۔ ویڈیو میں نور نے روتے ہوئے اپنی پانچویں شادی کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں نے انڈسٹری چھوڑ دی ہے مجھے کوئی شادی نہیں کرنی ہے، مجھ سے غلطیاں ہوئیں کہ میں نے شادی کرکے گھر بسانے کی کوشش کی لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔

نور نے کہا کہ ہر بار عورت کی غلطی نہیں ہوتی، کوئی بھی عورت اس دنیا میں چاہے وہ مسلمان ہو، ہندو ہو یا عیسائی ہو، اپنی شادی خراب کرنا نہیں چاہتی۔ اب میرے بارے میں افواہیں پھیلانا بند کردیاجائے۔ میں اکیلی نہیں ہوں، میری بیٹی، میری ماں اور میری بہن میری ذمہ داری ہیں، میں ان تینوں کا فخر ہوں۔ مجھے اب کوئی شادی نہیں کرنی میری جتنی زندگی رہ گئی ہے مجھے صرف عبادت کرنی ہے، ابھی تومجھے اپنی چوتھی شادی کی طلاق کا سرٹیفکیٹ بھی نہیں ملا تو میں پانچویں شادی کس طرح کرسکتی ہوں۔۔

متعلقہ عنوان :