چائے فروش کا بیٹا زید عالم کرکٹ میں دھوم مچانے کیلئے بے تاب

ہفتہ 13 جنوری 2018 18:09

چائے فروش کا بیٹا زید عالم کرکٹ میں دھوم مچانے کیلئے بے تاب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2018ء) چائے فروش کا بیٹا زید عالم عالمی کرکٹ میں دھوم مچانے کیلیے بے تاب ہے۔، انارکلی بازار لاہور میں چائے فروخت کرنے والا باپ پرانے ریڈیو پر پاکستانی میچز کی کمنٹری سنتا تو زید عالم کی اس پر خاص توجہ ہوتی،والد کا ہاتھ بٹانے کے دوران جب بھی موقع ملتا نوعمر کرکٹر ٹیپ بال سے شوق پورا کرنے کیلئے نکل جاتا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 7بھائیوں اور 6بہنوں پر مشتمل خاندان کی خواہش تھی کہ زید عالم بھی پڑھائی پر توجہ دے کر اچھی سی نوکری کرے،مگرکریسنٹ کلب کے کوچ اکبر بٹ نے اس کی صلاحیتوں کو بھانپ کر والد کو راضی کیا کہ نوعمر کرکٹر کو کھیل جاری رکھنے دیں۔زید عالم نے انڈر16سطح پر اچھا پرفارم کیا تو رکاوٹیں دور ہونا شروع ہوئیں،مالی مسائل کی وجہ سے بھائی نے اخراجات اٹھانے کی حامی بھر کر آگے بڑھنے کا راستہ بنایا،قومی انڈر 19ٹیم کیلئے انتخاب ہوا تو چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح پر آتش بازی کرنے والے زید عالم کو بھائی نے کہا کہ اب جاکر نیوزی لینڈ میں پٹاخے پھوڑو،کسی بھی اور سرگرمی کے بجائے زیادہ وقت کرکٹ کے میدانوں اور انٹرنیشنل کرکٹرز کی ویڈیوز دیکھنے میں صرف کرنے والے پلیئر نے ڈی ویلیئرز کو آئیڈیل بنایا ہوا ہے، وہ پاکستانی اسٹار شعیب ملک سے بھی متاثر ہیں، ورلڈ کپ سے قبل سیریز میں ایک سنچری اور ففٹی بناچکے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بیٹنگ اسٹائل اور اعتماد کو دیکھتے ہوئے کرکٹ حلقوں میں زید عالم کے روشن مسقبل کی امید ظاہر کی جارہی ہے جب کہ ورلڈ الیون کے میچز قذافی اسٹیڈیم میں دیکھنے کو زندگی کا یادگار تجربہ قرار دینے والے زید عالم کو اب خود ہی انٹرنیشنل اسٹارز کی صف میں آنے کا موقع مل چکا ہے۔۔

متعلقہ عنوان :