سینئر کے بعد جونیئر بھی شکست کے راستے پر چل پڑے

آئی سی سی انڈر19کرکٹ ورلڈکپ ، پاکستان کو مایوس کن آغاز ،پہلے میچ میں افغانستان نی5وکٹوں سے شکست دیدی افغانستان کی ٹیم نے 189رنز کا ہدف 44ویں اوور میں 5وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، افغانستان کی جانب سے درویش رسولی 76 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے

ہفتہ 13 جنوری 2018 18:09

سینئر کے بعد جونیئر بھی شکست کے راستے پر چل پڑے
آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2018ء) آکلینڈ (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جنوری2018)انٹر نیشنل کر کٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر19کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان کو مایوس کن آغاز ،پہلے میچ میں افغانستان نی5وکٹوں سے شکست دیدی۔افغانستان کی ٹیم نے 189رنز کا ہدف 44ویں اوور میں 5وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، افغانستان کی جانب سے درویش رسولی 76 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔

تفصیلات کے مطابق وانگیری میں پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48 اوور میں 188 رنز اسکور کیے ۔میچ میں ابتدا ہی سے پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی۔ اوپنر روحیل نذیر نے کچھ مزاحمت کی اور انہوں نے 81رنز بنائے، ان کی اننگز میں 9 چوکے شامل تھے، جبکہ علی زریاب 30رنز بنا کر نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمر زئی اور قیس احمد نے تین، تین ،نوین الحق نے 2، ظاہر خان اور نثار وحدت نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔

جواب میں افغانستان نے ہدف با آسانی 44 ویں اوور میں پانچ وکٹ پر حاصل کرلیا۔افغانستان کی جانب سیدرویش رسولی 76 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ہر دو سال بعد منعقد ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے 12ویں ایڈیشن کا آغاز ہفتہ 13جنوری سے نیوزی لینڈ میں ہوا ہے۔16 ٹیموں کا یہ ٹورنامنٹ 3 فروری تک جاری رہے گا، جس میں شریک ٹیموں کو چار چار کے گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

حسان خان کی قیادت میں کھیلنے والی ٹیم پاکستان کو گروپ ڈی میں افغانستان، سری لنکا اور آئرلینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔واضح رہے کہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم دوبار چیمپئن رہ چکی ہے۔2004 میں بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں کھیلے گئے فائنل میں خالد لطیف کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو 25 رنز سیشکست دی تھی۔جبکہ 2006 میں سری لنکا کے شہر کولمبو میں سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے فائنل میں بھارت کو 38 رنز سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اس کے علاوہ 1988، 2010 اور 2014 میں پاکستان انڈر 19 آئی سی سی ایونٹ میں رنرز اپ رہ چکی ہے۔یہ تیسرا موقع ہے جب نیوزی لینڈ انڈر 19 ورلڈ کپ کا میزبان ہے۔ اس سے پہلے 2002 اور 2010 میں ہونے والے ٹورنامنٹ بھی کیویز کے دیس میں منعقد ہو چکے ہیں۔۔

متعلقہ عنوان :