کیویز نے شاہینوں کا چیمپئنز ٹرافی میں فتح کا خمار اتار دیا

نیا سال قومی کر کٹ ٹیم کیلئے ڈراونا خواب بن گیا، تیسرے ون ڈے میں شرمناک شکست، سیریز نیوزی لینڈ کے نام پاکستان ٹیم258رنز ہدف کے تعاقب میں 74رنز پر ڈھیر ، 7بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے رومان رئیس16رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے نیوزی لینڈ کی جانب سے مین آف دی میچ ٹرینٹ بولٹ نے 5 جبکہ کولن منرو اور لوکی فرگیوسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا چوتھا ون ڈی16جنوری کو ہملٹن میں کھیلا جائے گا

ہفتہ 13 جنوری 2018 17:38

ڈونیڈن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2018ء) کیویز نے شاہینوں کا چیمپئنز ٹرافی میں فتح کا خمار اتار دیا ،نیا سال قومی کر کٹ ٹیم کیلئے ڈراونا خواب بن گیا، تیسرے ون ڈے میں شرمناک شکست، سیریز نیوزی لینڈ کے نام،نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو74رنز پر ٹھکانے لگا کر183سے کامیابی حاصل کر کے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 3-0کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

پاکستان ٹیم258رنز ہدف کے تعاقب میں 74رنز پر ڈھیر ہوگئی 7بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، رومان رئیس16رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے ۔نیوزی لینڈ کی جانب سے مین آف دی میچ ٹرینٹ بولٹ نے 5 جبکہ کولن منرو اور لوکی فرگیوسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا چوتھا ون ڈی16جنوری کو ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کوڈیونیڈن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن 15 کے اسکور پر کولن منرو فہیم اشرف کی وکٹ بن گئے۔

تاہم اس کے بعد مارٹن گپٹل اور ولیمسن نے دوسری وکٹ کیلئے 69 رنز جوڑ کر پاکستان کیلئے مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش کی لیکن ایک غیرضروری رن لینے کی کوشش میں گپٹل کی اننگز اختتام پذیر ہوئی۔کین ولیمسن نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور تجربہ کار روس ٹیلر کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کیلئے 74 رنز جوڑ کر اسکور کو 158 تک پہنچا دیا، وہ 73 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

ولیمسن کے آٹ ہونے کے بعد کمان ٹیلر نے سنبھالی اور نئے بلے باز ٹام لیتھم کے ساتھ مل کر اسکور کو 209 تک پہنچا دیا لیکن شاداب خان نے 52 رنز بنانے والے ٹیلر کے ساتھ ساتھ نئے بلے باز ہنری نکولس کو بھی یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر آٹ کر کے ٹیم کو دو اہم کامیابیاں دلائیں۔اس موقع پر پاکستان نے بالرز کی مدد سے میچ میں واپسی کی اور ایک بڑے مجموعے کی جانب گامزن نیوزی لینڈ کی وکٹیں حاصل کر کے پوری ٹیم کو 257 رنز پر ٹھکانے لگا دیا۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور رومان رئیس نے تین، تین جبکہ شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔258 رنز کے نسبتا آسان نظر آنے والے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز کسی تباہی سے کم نہ تھا اور 15 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ٹرینٹ بولٹ نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے اوپنرز اظہر علی، فخر زمان اور محمد حفیظ کو ٹھکانے لگایا جبکہ بابر اعظم رن آٹ ہوئے۔

تجربہ کار شعیب ملک ایک مرتبہ توقعات پر پورا نہ اتر سکے اور تین رنز بنانے کے بعد لوکی فرگیوسن کو وکٹ دے بیٹھے۔گزشتہ میچ میں نصف سنچریاں بنا کر پاکستان کو خفت سے بچانے والے حسن علی اور شاداب خان بھی اس مرتبہ بے بس نظر آئے اور دونوں بالترتیب صفر اور ایک رنز بنا کر آٹ ہوئے جبکہ فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ڈبل فیگر میں داخل ہونے والے پہلے باز بنے۔

32 رنز پر آٹھ وکٹوں سے محروم ہونے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید پاکستان ون ڈے میں اپنے سب سے کم اسکور 43 رنز بھی اسکور نہ کر سکے لیکن کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر اور رومان رئیس کے ساتھ مل کر ٹیم کو اس خفت سے بچا لیا۔پاکستان کی ٹیم 28ویں اوور میں 74 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی جہاں رومان رئیس 16 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ کپتان سرفراز احمد اور محمد عامر 14، 14رنز بنا سکے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے مین آف دی میچ ٹرینٹ بولٹ نے پانچ جبکہ کولن منرو اور لوکی فرگیوسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔۔