میئر لندن صادق خان کا ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ برطانیہ کی منسوخی کا خیر مقدم

ٹرمپ کو لندن کے شہریوں کا پیغام مل چکا ہے کہ برطانوی شہری امریکا اور وہاں کے لوگوں سے بہت پیار کرتے ہیں لیکن ٹرمپ کے فیصلوں کو اپنے شہر کے اقدار کے خلاف سمجھتے ہیں، میئر

ہفتہ 13 جنوری 2018 17:38

میئر لندن صادق خان کا ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ برطانیہ کی منسوخی کا خیر مقدم
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2018ء) میئر لندن صادق خان نے امریکی صدر کے دورہ برطانیہ منسوخ کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے بڑے پیمانے پرمظاہروں کے خوف سے دورہ ملتوی کیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق لندن کے میئر صادق خان نے امریکی صدر کی جانب سے برطانیہ کا دورہ منسوخ کیے جانے پر رد عمل دیتے ہوئے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کو لندن کے شہریوں کا پیغام مل چکا ہے کہ برطانوی شہری امریکا اور وہاں کے لوگوں سے بہت پیار کرتے ہیں لیکن ٹرمپ کے فیصلوں کو اپنے شہر کے اقدار کے خلاف سمجھتے ہیں۔

صادق خان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو لندن میں بڑے پیمانے پرمظاہروں کا خوف ہے اس لیے انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کیا جب کہ اس میں کوئی شک نہیں کیا ان کے یہاں پہنچتے ہی بڑے تعداد میں مظاہرین باہر نکلتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی جانب سے امریکی صدر کو دورے کی دعوت دینا بڑی غلطی قرار دیا۔اس سے قبل برطانیہ کی لیبرپارٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ اگر امریکی صدر نے برطانیہ کا دورہ کیا تو ان کا استقبال نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ امریکی صدر نے ٹوئٹ کے ذریعے اپنا دورہ برطانیہ منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اوباما انتظامیہ کی جانب سے بنائے گئے نئے سفارت خانے کا افتتاح کرنے کے لیے برطانیہ نہیں جاسکتے۔۔