ملک کی ترقی کیلئے کاروباری سرگرمیوں میں تسلسل جاری رکھنا ضروری ہے،پیاف عہدیداران

ہفتہ 13 جنوری 2018 17:09

لاہور۔13جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشنز فرنٹ(پیاف) نے کہا ہے کہ احتجاج اور دھرنوں کی سیاست معیشت کے لئے زہر قاتل ہے اور ملکی اقتصادیات کو نقصان پہنچا رہی ہے ،مختلف جماعتوں کی طر ف سے ہڑتال کی کال پر تبصرہ کرتے ہوئے چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ، سینئر وائس چیئر مین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہ زیب اکرم نے ایک مشترکہ جاری اپنے بیان میں کہاکہ پاکستان کا کاروباری طبقہ محب وطن ہے اوروہ کسی احتجاج کاحصہ نہیں بنے گا ۔

کاررو با ری طبقہ حکومتی مشینری کو رواں دواں رکھنے کے لئے تمام طبقات سے زیادہ ریونیو فراہم کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو چاہئے کہ وہ مل بیٹھ کر مسائل کو حل کریں اور معیشت کا پہیہ چلنے دیں۔

(جاری ہے)

بزنس کمیونٹی کے لئے ناسازگار حالات پیدا کرنا کسی طرح بھی ملکی معیشت کے مفاد میں نہیں ہے۔چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں کی وجہ سے پہلے ہی ملکی معیشت پچھلے تین چار سالوں میں بہت زیادہ نقصان اٹھا چکی ہے اور اب مزید نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

کاروباری سرگرمیوں کے تعطل کی وجہ سے معیشت جمود کا شکار ہو جاتی ہے۔ سینئر وائس چیئر مین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا کہ شہر کہ اہم تجارتی شاہراہ مال روڈ پراحتجاجی جلسوں اور دھرنوں کی وجہ سے مال روڈ اور ملحقہ مارکیٹوں میں نہ صرف کاروبار متاثرر ہتا ہے بلکہ ٹریفک کے بھی سنگین مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔