ملکی استحکام کے لیے تمام مذہبی ،سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی ضرورت ہے‘بھارت ہمار ا ازلی دشمن ہے جو مختلف حیلے بہانوں سے افراتفری پھیلانا چاہتاہے‘ آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے

سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف کی صحافیوں سے بات چیت

ہفتہ 13 جنوری 2018 16:33

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جنوری2018ء)سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف نے کہا ہے کہ ملکی استحکام کے لیے تمام مذہبی ،سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی ضرورت ہے۔بھارت ہمار ا ازلی دشمن ہے جو مختلف حیلے بہانوں سے افراتفری پھیلانا چاہتاہے۔ آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسیز کا تشدد ،ظلم ،قتل و غارت کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتے ۔

اقوام متحدہ کی قراردادیں ہی اس مسئلہ کا اصل حل ہے ۔بھارتی فوج کی جانب سے کشمیر پر قبضہ ایک جابرانہ فعل ہے جس کو کشمیری عوام نے کبھی بھی تسلیم نہیںکیا ۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گئے۔آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

چودھری محمد اشرف نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیری عوام سے جو وعدہ کر رکھا ہے اس پر عمل درآمد کرایا جائے ۔بھارت کشمیریوں کو اپنے ساتھ ملانے کے لئے مختلف حربے استعمال کر رہا ہے۔ مگر ان تمام اقدامات کے باوجود کشمیری عوام نے اپنے قوت بازو سے اس کے خلاف تحریک شروع کی۔چودھری محمد اشرف نے کہا کہ بھارت جب بندوق کی نوک پر کشمیریوں کو اپنے ساتھ رہنے پر راضی نہ کرسکا تو اس نے مقبوضہ کشمیرمیں کالے قوانین متعارف کرائے اور دہشت گردی کے نام پر کشمیر ی عوام کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہر حال میں بھارت سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے ۔