سیکرٹری اوقاف وامور دینیہ سید نظیر الحسن گیلانی کی صدارت میں تعمیرات دربار عالیہ کھڑی شریف کے سلسلہ میں مشاورتی اجلاس

تنصیب ماربل کے سلسلہ میں کمیٹی تشکیل دیدی گئی

ہفتہ 13 جنوری 2018 16:33

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جنوری2018ء)آزادکشمیرکے سیکرٹری اوقاف وامور دینیہ سید نظیر الحسن گیلانی کی صدارت میں تعمیرات دربار عالیہ کھڑی شریف کے سلسلہ میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں بذیل فیصلہ جات عمل میں لائے گئے ۔ تنصیب ماربل کے سلسلہ میں کمیٹی تشکیل دیدی گئی جس کے سربراہ ناظم اعلیٰ اوقاف سردار طارق محمود ہونگے ۔

میاں محمد بخش ؒ کے تبرکات کو محفوظ کرنے کیلئے میوزیم ہال تعمیر کیا جائیگا۔نئے واش رومز کی تعمیر پارکنگ ایریا میں کیے جانے کے علاوہ دوکانات کو پارکنگ ایریا میں شفٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف واموردینیہ سید نظیر الحسن گیلانی نے کہا کہ یہ کام ہم نے پہلے بھی عوامی مشاورت کے بعد شروع کیا تھا اب اس میں جس جگہ رکاوٹ آئی ہم نے دوبارہ اس بات کو اہمیت دی کہ ٹیکنیکل عملہ کے ساتھ ساتھ عوامی نمائندگان /زائرین سے بھی مشاورت حاصل کی جائے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ناظم اعلیٰ اوقاف سردار طارق محمود، ڈویژنل ڈائریکٹراوقاف مقصود حسین عباسی ،ڈائریکٹر CDOجواد احمد چوہدری ،ایکسین بلڈنگ ندیم اقبال ، اسسٹنٹ ڈائریکٹراوقاف شفیق الرحمان ڈار، اسسٹنٹ ڈائریکٹراوقاف ظہیرالدین بابر، اسسٹنٹ ڈائریکٹراوقاف چوہدری محمدشبیر، بابوچوہدری محمدصدیق، محمدرمضان، چوہدری سلیم، چوہدری شوکت، میاں محمدافضل، ڈاکٹرمعروف حسین، سید زاہد حسین، شبیرحسین گیلانی، ارشد محمود،منیجراوقاف سید نثارحسین شاہ،پرویزاقبال کے علاوہ زائرین ،مقامی وغیر مقامی عقیدت مندوں نے شرکت کی اور اپنی تجاویز پیش کیں ۔

سیکرٹری اوقاف ومذہبی امورسید نظیرالحسن گیلانی نے کہاکہ 2006سے 2017تک محکمہ اوقاف کے کروڑوں روپے خرچ کر کے دربار کھڑی شریف میں مختلف منصوبہ جات مکمل کروائے ۔ آئندہ بھی اگرکوئی تجویز کوئی کام دربار کھڑی شریف یا کسی بھی جگہ محکمہ اوقاف کے متعلقہ ہو تومحکمہ اوقاف کے حکام کوآگا ہ کیاجائے ۔محکمہ اوقاف زائرین کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا۔