پیر چناسی مظفرآباد کو آزاد کشمیر کا اور بالخصوص مظفرآباد کا بہترین سیاحتی مرکز بنایا جا سکتا ہے ‘اس سے پاکستان اور دنیا بھر کے سیاحوں کو بہترین سیاحتی مقام کی سیر کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکتاہے‘ قدرت نے مظفرآباد کو بے شمار زیر زمین اور زمین کے اوپر خزانوں سے مالا مال کیا جن میں معدنیات، قیمتی پتھر اور جنگلات اور دریائوں کی نعمت شامل ہے

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی رکن قانون ساز اسمبلی چوہدری شہزاد محمود سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 13 جنوری 2018 16:33

ْمظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جنوری2018ء) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پیر چناسی مظفرآباد کو آزاد کشمیر کا اور بالخصوص مظفرآباد کا بہترین سیاحتی مرکز بنایا جا سکتا ہے اور اس سے پاکستان اور دنیا بھر کے سیاحوں کو ایک بہترین سیاحتی مقام کی سیر کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکتاہے۔ قدرت نے مظفرآباد کو بے شمار زیر زمین اور زمین کے اوپر خزانوں سے مالا مال کیا ہے۔

جن میں معدنیات، قیمتی پتھر اور جنگلات اور دریائوں کی نعمت شامل ہے۔ وہ ہفتہ کو یہاں رکن قانون ساز اسمبلی چوہدری شہزاد محمود سے ایوان صدر مظفرآباد میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری شہزاد نے اس موقع پر صدر کو مظفرآباد کے بالعموم اور اپنے حلقہ کے بالخصوص مسائل سے آگاہ کیا اور انہیں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

صدر سے اسلامی جمعیت طلباء آزاد کشمیر کے ایک نمائندہ وفد نے راجہ آفتاب احمد ناظم اسلامی جمعیت طلباء آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کی قیادت میں ملاقات کی اور کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے درمیان روابط کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے نیلم اور جہلم میں سرکاری جامعات کے سب کیمپس کے قیام کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

اور مزید کہا کہ کالجز اور جامعات میں قابل، مستحق اور نادار طلباء و طالبات کے لیے مختلف وظائف کو متعارف کروانے اور موجودہ دیئے جانے والے وظائف میں اضافے کا مطالبہ بھی کیا۔ صدر نے اس موقع پر طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے طلباء کی تنظیموں کو تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے اور مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تمام طلباء تنظیموں کو مسئلہ کشمیر میں یک زبان اور یک قلب ہو کر حق خودارادیت کے حصول کے لیے عالمی ضمیر کو جھنجوڑنا چاہیے۔ صدر نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیری میں بھارتی افواج کے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی وہ ان مظالم کا سخت نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو آگے بڑھ کر بھارت کو غیر انسانی اور جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے سے روکنا چاہیے۔

صدر سے اے جے کے پی ٹی وی کے ایک اور نمائاندہ وفد نے آج ایوان صدر میں ملاقات کی اور انہیں اے جے کی پی ٹی وی سنٹر میں درپیش اپنے مسائل سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ صدر نے اس موقع پر انہیں یقین دہانی کروائی کہ وہ ان کے مسائل حل کرنے کے سلسلہ میں پی ٹی وی کی مرکزی انتظامیہ سے بات چیت کریں گے۔ صدر نے مسئلہ کشمیر اور آزاد کشمیر کی ثقافت کو بہترین اجاگر کرنے پر اے جے کی ٹی وی کے کردار اور کاوشوں کو سراہا۔