وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی زیر قیادت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی اور کابینہ پوری طرح متحد ہے ہمیں وزیراعظم پر مکمل اعتماد ہے ،ْچوہدری محمد عزیز

صدر پیپلزپارٹی کو آزاد کشمیر حکومت اور مسلم لیگ ن کے حوالے سے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں،مسلم لیگ (ن)نے خطہ کے اندر تباہ شدہ نظام کو بحال کردیا ہے ،ْوزیر مواصلات

ہفتہ 13 جنوری 2018 15:57

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر مواصلات و ورکس چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی زیر قیادت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی اور کابینہ پوری طرح متحد ہے ہمیں وزیراعظم پر مکمل اعتماد ہے صدر پیپلزپارٹی کو آزاد کشمیر حکومت اور مسلم لیگ ن کے حوالے سے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ۔

دوسروں کے حوالے سے ان کے خیالات اپنی جماعت کے اندرونی معاملات سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے آزاد کشمیر کے عوام کا حافظہ اتنا بھی کمزور نہیں دوسال پہلے آزاد کشمیر میں جو افراتفری بے چینی ، کرپشن ، اقرباء پروری اور لوٹ مار کا بازار گرم تھا آج ویسے حالات نہیں ہیں ہم نے قربانی دے کر آزاد کشمیر کے نظام کو درست سمت میں گامزن کیا ہے صدر پیپلزپارٹی آزاد کشمیر اپنی جماعت کے اڑھائی ممبران اسمبلی کو تو پہلے اپنے ساتھ ملائیں ،ان کی جماعتی صدارت صرف اخباری بیانات کی حد تک ہی نظر آتی ہے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی حکومت نے خطہ کے اندر تباہ شدہ نظام کو بحال کردیا ہے میرٹ کی بحالی ،تعمیر وترقی کے مصاوی عمل نے اپوزیشن کی سیاست ختم کر دی ہے بلدیاتی انتخابات کے لئے فنڈز مختص ہیں نئی مرد م شماری کے حتمی نتائج میں تاخیر کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر ہوئی۔اپریل تک آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات ہو جائیں گے تو صاف پتہ چل جائے گا کہ کون کتنے پانی میں ہے ہم دعوئے نہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں ۔

یہاں میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر مواصلات چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ڈیڑھ سال قبل جب آزاد کشمیر میں حکومت قائم کی تو اس وقت ایک طرف خزانہ خالی تھا تو دوسری طرف پیپلزپارٹی کے انداز حکمرانی نے تمام سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد تک مجروح کر رکھا تھا ہمارے پاس صرف یہی آپشن تھا کہ ہم آئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے خطہ کہ اندر قانون و انصاف کی عمل داری قائم کریں ، میرٹ بحال ہو اور بنیادی مسائل کے حل کے لئے وافر فنڈز حاصل کر کے بلا تخصیص تعمیر و ترقی کا عمل شروع کیا جا ئے ۔

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی اور حکومت آزاد کشمیر نے راجا فاروق حیدر خان وزیراعظم اور ان کی کابینہ پر مشتمل ٹیم کے ساتھ مل کر مشکل سفر کا آغاز کیا سخت اور صبر آزماء فیصلے کر کے ان پر عملدرآمد کیا ، کارکنوں کے جذبات و احساسات کی پروا کیے بغیر میرٹ کا ہر سطح پر نفاذ کیا گیا ، تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لئے پبلک سروس کمیشن کی تنظیم نو کر کے یکساں روزگار کے مواقع پیدا کئے گئے محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کے تحت بھرتیوں کی روائت قائم کی گئی ۔

آزاد کشمیر میں فیملی کورٹس قائم کر کے انصاف کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کی گئیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے اندر سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس کی حکومت عوام کے ووٹ کی طاقت کی بنیاد پر قائم ہوئی ہے اس حکومت کی ترجیحات واضح ہیں ،تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی بجٹ میں 100 فیصد آضافہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کا آزاد کشمیر کی عوام کے لئے خصوصی تحفہ ہے جسے بروئے کار لاتے ہوئے شعبہ مواصلات میں 480 کلو میٹر اہم اور مصروف شاہرات کی بہترگی و پختگی کے کام شروع کیے گئے ہیں جن پر ساڑھے 9 ارب روپے خرچ ہو رہے ہیں سڑکوں کے زیادہ کام رواں سال جون تک مکمل ہو جائیں گے ، آزاد کشمیر کو پاکستان کے ساتھ ملانے والی اہم نوعیت کی تمام شاہرات کے ساتھ ساتھ بین الاضلاعی سڑکوں اور تحصیل ہیڈ کوارٹر کو ملانے والی سڑکو ں پر کام جاری ہیں انشاء اللہ 2 سال کے عرصہ میں آزاد کشمیر شعبہ مواصلات مثالی کاکردگی کے تحت تمام سڑکیں مکمل کر لے گا ۔

چوہدری محمد عزیز نے ایک سوال پر صدر پاکستان پیپلزپارٹی کے حکومت آزاد کشمیر کے حوالے سے تاثرات کو خیالی اندازے اور مفروضے قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم آزادکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں قائم ہے جسے پارلیمانی پارٹی اور کابینہ کی مکمل تائید و حمایت حاصل ہے تمام فیصلے باہمی مشاورت سے ہوتے ہیں یہ جماعت ایف ٹین مرکز سے نہیں چلائی جاتی بلکہ ہم اپنے فیصلوں میں مکمل آزاد ہیں صدر پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کو مسلم لیگ ن کی فکر کرنے کے بجائے اپنی پارٹی کی صدارت کی طرف توجہ دینی چاہیے جو تیز ہوا کے کسی جھونکے کی نذر ہو سکتی ہے ،اڑھائی ممبران پر مشتمل پارلیمانی پارٹی اپنی جماعت کے صدر کی دسترس سے باہر ہے وہ آزاد کشمیر میں نئے انتخاب کا مطالبہ کر رہی ہے کیا جولائی 2016 میں ہونے والے عام انتخابات کے نتائج کے اثرات اتنی جلدی ختم ہو گئے ہیں صدر پیپلزپارٹی آزاد کشمیر خاطر جمع رکھیں آزاد کشمیر حکومت میں تبدیلی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا ۔

مسلم لیگ ن اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ دس پندرہ سال تک برسراقتدار رہے گی دریں اثناء سیکرٹری ورکس طارق شعلہ کی ریٹائرمنٹ پر محکمہ کی جانب سے دیئے گئے الوداعی عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد عزیز نے بحیثیت سیکرٹری ورکس طارق شعلہ کی خدمات کوتاریخی اور مثالی قرار دیتے ہوئے انھیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ انھوں نے کہا کہ طارق شعلہ جیسے محنتی اور دیانت دار افیسران کی وجہ سے خطہ کے اندر تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ممکن ہوا ، محکمہ پر ان کی کمان مضبوط رہی اور ان کی مشاورت کے ساتھ کئے گئے عملی اقدمات مدتوں تک یاد رکھے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :