فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے گندم کی فصل انتہائی اہمیت کی حامل ہے ، ماہرین زراعت

ہفتہ 13 جنوری 2018 15:36

فیصل آباد۔13جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء)ماہرین زراعت نے کہاہے کہ کاشتکاری کی منظم حکمت عملی کے ذریعے زیادہ پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکتاہے ا س لئے گندم کے کاشتکاراپنی فصل کی بہتر نگہداشت کیلئے کھیت سے جڑی بوٹیوں کا بروقت خاتمہ کریں اور زرعی ادویات کے سپرے کے محلول میں فی ایکڑ ایک سو سے ایک سو بیس لیٹر پانی کا استعمال کیا جائے تاکہ فصل کو پیداواری نقصان سے بچانا ممکن ہو سکے۔

انہوںنے کہا کہ فوڈ سیکورٹی کے حوالے سے گندم کی فصل انتہائی اہمیت کی حامل ہے جسکی بہتر پیداوار سے نہ صرف غذائی خود کفالت حاصل کی جاسکتی ہے بلکہ کاشتکاروں کی انفرادی خوشحالی بھی ممکن ہے لہٰذا گندم کی فصل پوری توجہ کی متقاضی ہے تاکہ کاشتکاروں کو انکی محنت کا صلہ حاصل ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاشتکاروں کو جڑی بوٹیوں کی اقسام ‘اس کے کنٹرول کرنے کے طریقے اور زرعی ادویات کا استعمال،چوڑے اور نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کی تلفی اور سپرے کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر اور فائدہ مند سپرے کیلئے مخصوص نوزل استعمال کی جائے ۔

انہوںنے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے بمپر کراپس حاصل کرکے غذائی خود کفالت کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکارزرعی اجناس کی صرف منظور شدہ اقسام ہی کاشت کریں تاکہ بعد میں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔