مٹر کی فصل کو موسمی اثرات سے بچا کر بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔ ماہرین زراعت

ہفتہ 13 جنوری 2018 15:36

فیصل آباد۔13جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء)ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ مٹر کی فصل کو موسمی اثرات سے بچا کر بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے لہٰذا کاشتکار اچھی پیداوار کے حصول کیلئے فصل کو موسمی اثرات سے بچائیں اور کورے و دھند سے متاثرہ فصل میں 3سے 4کلو گرام یوریا 100لیٹر پانی میںملا کر سپرے کریں تا کہ اسے منفی اثرات سے بچانے میں مدد مل سکے۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کہا کہ کاشتکار سرد موسم میں آبپاشی کا وقفہ بڑھا کر 15دن کر دیں اور خالص بیج کے حصول کیلئے پھول آنے اور پھلیاں بننے پر چھدرائی کریں نیز جو پودے مطلوبہ قسم کے مطابق نہ ہوں انہیں نکال دیں۔ انہوںنے کہاکہ فصل میںپھول آنے پر آدھی بوری یوریا فی ایکڑ کے حساب سے ڈالیں ۔ انہوںنے مزید بتایاکہ درجہ حرارت کم ہونے پر مٹر کی اگیتی فصل پر ا کھیڑا کی بیماری حملہ آور ہوتی ہے جس سے پودا جڑ سے سوکھ جاتا ہے لہٰذا ماہرین زراعت کی مشاورت سے اس بیماری سے بچائو کیلئے نئی کیمسٹری کی ادویات کا سپرے ضروری ہے۔ انہوںنے بتایاکہ اس ضمن میں محکمہ زراعت (توسیع و پیسٹ وارننگ) کے مقامی عملہ سے بھی مشورہ کیا جا سکتاہے۔