وزیراعظم راجا فاروق حیدر کی قیادت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی اور کابینہ متحد ہیں

صدر پیپلزپارٹی کو حکومت اور مسلم لیگ ن کے حوالے سے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں دوسروں بارے یہ خیالات اپنی جماعت کے اندرونی معاملات سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے خطے میں میرٹ کی بحالی اور تعمیر وترقی کے مساوی عمل نے اپوزیشن کی سیاست ختم کر دی آزاد جموں و کشمیر کے وزیر مواصلات و ورکس چوہدری محمد عزیز کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 13 جنوری 2018 15:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر مواصلات و ورکس چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ وزیراعظم راجا فاروق حیدر کی زیر قیادت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی اور کابینہ پوری طرح متحد ہے،صدر پیپلزپارٹی کو آزاد کشمیر حکومت اور مسلم لیگ ن کے حوالے سے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ،دوسروں کے حوالے سے ان کے خیالات اپنی جماعت کے اندرونی معاملات سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے،ہم نے قربانی دے کر آزاد کشمیر کے نظام کو درست سمت گامزن کیا ہے،میرٹ کی بحالی ،تعمیر وترقی کے مساوی عمل نے اپوزیشن کی سیاست ختم کر دی ہے،اپریل تک آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات ہو جائیں گے، ہم دعوئے نہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں ۔

یہاں میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر مواصلات نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ڈیڑھ سال قبل جب آزاد کشمیر میں حکومت قائم کی تو اس وقت ایک طرف خزانہ خالی تھا تو دوسری طرف سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد مجروح ہوچکا تھا، ہمارے پاس صرف یہی آپشن تھا کہ آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے خطے میں قانون و انصاف کی عمل داری قائم کریں ، میرٹ بحال ہو اور بنیادی مسائل کے حل کے لئے وافر فنڈز حاصل کر کے بلا تخصیص تعمیر و ترقی کا عمل شروع کیا جا ئے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی اور حکومت آزاد کشمیر نے وزیراعظم راجا فاروق حیدر اور ان کی کابینہ پر مشتمل ٹیم کے ساتھ مل کر مشکل سفر کا آغاز کیا، سخت اور صبر آزماء فیصلے کر کے ان پر عملدرآمد کیا ، کارکنوں کے جذبات و احساسات کی پروا کیے بغیر میرٹ کا ہر سطح پر نفاذ کیا گیا ، تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لئے پبلک سروس کمیشن کی تنظیم نو کر کے یکساں روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے ، محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کے تحت بھرتیوں کی روایت قائم کی گئی اس کے علاوہ فیملی کورٹس قائم کر کے انصاف کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے اندر سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس کی حکومت عوام کے ووٹ کی طاقت کی بنیاد پر قائم ہوئی ہے اور اس کی ترجیحات واضح ہیں۔انھوں نے کہا کہ خطے کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی بجٹ میں 100 فیصد اضافہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کا آزاد کشمیر کی عوام کے لئے خصوصی تحفہ ہے جسے بروئے کار لاتے ہوئے شعبہ مواصلات میں 480 کلو میٹر اہم اور معروف شاہرائوں کی بہتری و پختگی کے کام شروع کیے گئے ہیں جن پر ساڑھے 9 ارب روپے خرچ ہو رہے ہیں، سڑکوں کے زیادہ کام رواں سال جون تک مکمل ہو جائیں گے ، آزاد کشمیر کو پاکستان کے ساتھ ملانے والی اہم نوعیت کی تمام شاہرات کے ساتھ ساتھ بین الاضلاعی سڑکوں اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز کو ملانے والی سڑکو ں پر بھی کام جاری ہیں، انشاء اللہ 2 سال کے عرصے میں آزاد کشمیر کا شعبہ مواصلات مثالی کاکردگی کے تحت تمام سڑکیں مکمل کر لے گا ۔

چوہدری محمد عزیز نے ایک سوال پر صدر پاکستان پیپلزپارٹی کے حکومت آزاد کشمیر کے حوالے سے تاثرات کو خیالی اندازے اور مفروضے قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم آزادکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں قائم ہے جسے پارلیمانی پارٹی اور کابینہ کی مکمل تائید و حمایت حاصل ہے،اس کے تمام فیصلے باہمی مشاورت سے ہوتے ہیں، صدر پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کو مسلم لیگ ن کی فکر کرنے کے بجائے اپنی پارٹی کی صدارت کی طرف توجہ دینی چاہیے جو تیز ہوا کے کسی جھونکے کی نذر ہو سکتی ہے، صدر پیپلزپارٹی خاطر جمع رکھیں آزاد کشمیر حکومت میں تبدیلی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا ،مسلم لیگ ن اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ دس پندرہ سال تک برسراقتدار رہے گی۔

دریں اثناء سیکرٹری ورکس طارق شعلہ کی ریٹائرمنٹ پر محکمے کی جانب سے دیے گئے الوداعی عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد عزیز نے بحیثیت سیکرٹری ورکس طارق شعلہ کی خدمات کوتاریخی اور مثالی قرار دیتے ہوئے انھیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ انھوں نے کہا کہ طارق شعلہ جیسے محنتی اور دیانت دار افسران کی وجہ سے خطے کے اندر تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ممکن ہوا ، محکمہ پر ان کی کمان مضبوط رہی اور ان کی مشاورت کے ساتھ کیے گئے عملی اقدمات مدتوں تک یاد رکھے جائیں گے ۔