مقبوضہ کشمیر ،ْ سید علی گیلانی کا تہاڑ جیل میںغیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

ہفتہ 13 جنوری 2018 14:43

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تہاڑ جیل میں نظر بند شبیر احمد شاہ، الطاف احمد شاہ، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، نعیم احمد خان، کامران یوسف، شاہد یوسف اور ظہور احمد وٹالی کے ساتھ بہیمانہ سلوک روا رکھا جار ہا ہے جبکہ طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے سبب انکی صحت روز بہ روزسخت متاثر ہو رہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ اگرغیر قانونی طور پر نظر بند رہنما?ں کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اسکے سخت نتائج برآمد ہونگے۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا کہ تہاڑ جیل میں نظر بند کشمیریوں نے کوئی جرم نہیں کیا ہے اور انہیں محض سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مختلف جیلوں اور تھانوں میں نظر بند کشمیری نوجوانوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اورانکی نظر بندی کو اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے طول دیا جا رہا ہے۔

سید علی گیلانی نے تہاڑ جیل اور جموں خطے کی جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کو مقبوضہ وادی کی جیلوں میں فوری منتقلی کا مطالبہ کیا۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں حریت رہنمائوں غلام احمد گلزار، بلال صدیقی اور عمر عادل ڈار کو مختلف تھانوں میں نظر بند کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔