بچوں پر مظالم ، اداکارہ مدیحہ شاہ کا وکلاء سے ملکر تحریک خدمت کے نام سے این جی او بنانے کا فیصلہ

مظلوموں کی آواز بن کر تمام شہروں میں جائوں گی،سیمینار منعقد کروا کے لوگوں میں آگاہی مہم کا سلسلہ شروع کروں گی‘ گفتگو

ہفتہ 13 جنوری 2018 13:28

بچوں پر مظالم ، اداکارہ مدیحہ شاہ کا وکلاء سے ملکر تحریک خدمت کے نام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء)اداکارہ مدیحہ شاہ بچوں پر ہونیوالے مظالم کے حوالے سے وکلاء سے ملکر تحریک خدمت کے نام سے این جی او بنائیں گی ۔ بتایا گیا ہے کہ اداکارہ مدیحہ شاہ نے کمسن بچوں پر گھریلو مظالم اور جنسی زیادتی کے واقعات کے بعد بچوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے انہوں نے کراچی اور لاہور کے وکلاء کی خدمات بھی حاصل کر لی ہیں جو انکی این جی او میں شامل ہو کر متاثرہ بچوں کے حقوق کی جنگ لڑیں گے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے مدیحہ شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے اور یہاں ہر شہری کو آزادی سے اپنی زندگی بسر کرنے کا بھرپور حق حاصل ہے اور جو بھی کسی کے بنیادی حقوق سلب کرے گا میں اس کے خلاف آواز بلند کروں گی چاہے اس کیلئے مجھے اپنی جان کا نذرانہ ہی کیوں نہ دینا پڑے ۔ میں مظلوموں کی آواز بن کر پاکستان کے تمام شہروں میں جائوں گی اور وہاں مختلف سیمینار منعقد کروا کے لوگوں میں آگاہی مہم کا سلسلہ شروع کروں گی۔انہوں نے کہا کہ زینب پوری قوم کی بیٹی تھی اور پوری قوم اس کے خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور بہت جلد زینب کے قاتل اپنے انجام کو پہنچیں گے۔