ایف الیون کی کچی آبادی میں جمعہ کی شب اچانک جھونپڑی کو آگ لگ گئی،دو بچے زندہ جل گئے،دو جھلس گئے،ہسپتال منتقل

جمعہ 12 جنوری 2018 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) تھانہ گولڑہ کے علاقہ ایف الیون کی کچی آبادی میں جمعہ کی شب اچانک جھونپڑی کو آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری جھونپڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

(جاری ہے)

آتشزدگی کی لپیٹ میں آکر جھونپڑی میں سوتے ہوئے محمد ریاض کے دو بچے دوسالہ رحیم اور ساڑھے چھ سالہ حیدر زندہ جل گئے جبکہ 9 سالہ ثانیہ اور ساڑھے تین سالہ ابراہیم شدید جھلس گئے۔

محمد ریاض کی اہلیہ پروین بی بی نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ جھونپڑی میں سوئی ہوئی تھی کہ آگ نے اس کے چار بچوں کو بری طرح جھلس دیا جس کے نتیجہ میں دو بچے محمد رحیم اور حیدر جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ ثانیہ اور ابراہیم زخمی ہیں۔ پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملنے پر رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں زخمیوں اور نعشوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔