خیرپور میں قومی انتخابات 2018 کے حفاظتی انتظامات، پولنگ اسٹیشن مقرر کرنے اور دیگر اقدامات کے سلسلے میں اجلاس

جمعہ 12 جنوری 2018 23:22

سکھر۔12جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء)خیرپور میں قومی انتخابات 2018 کے حفاظتی انتظامات، پولنگ اسٹیشن مقرر کرنے اور دیگر اقدامات کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر خیرپورمحمد نواز سوہو نے زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ایس ایس پی شبیر سیٹھار، رینجرز کے کرنل ضیاء ملہی ،ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر محمد یوسف مجیدانو، اے ڈی سی ون ریاض حسین وسان ، محکمہ تعلیم ، لوکل گورنمنٹ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ قومی انتخابات 2018 کے لیے تمام تر انتظامات کے سلسلے میں ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی روینیو،پولیس، رینجرز، لوکل گورنمنٹ، تعلیم کے افسران پر مشتمل ہوگی ڈی سی خیرپور نے اے ڈی سی ون ریاض حسین وسان کو کمیٹی کا فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے پیشگی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

ڈی سی خیرپور نے کہا کہ قومی انتخابات کے عمل میں حفاظتی انتظامات ، کلوز سرکٹ کیمرا ئوں اور غیر جانبدار عملہ متعین کرنے کے اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا ۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر محمد یوسف مجیدانو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ 2013 کے قومی انتخابات کے پیش نظر خیرپور میں 735 پولنگ اسٹیشن ہیں جبکہ 2018 کے انتخابات میں ان کی تعدا د 874 تک ہوسکتی ہے جس میں سے 350 حساس پولنگ اسٹیشن ہیں اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن کے سلسلے میں کام جاری ہے انہوں نے مزید بریف کیا کہ دورافتاد علاقوںمیں ٹرانسپورٹ اور اسٹاف کی آمد روفت جیسے مسائل درپیش ہوتے ہیں جس پر ڈی سی خیرپور نے یقین دلایا کہ تمام تر اقدامات مکمل کیے جائیں گے ۔ ڈی سی خیرپور نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام پختہ اسکولوں کی فہرست دو روز کے اندر فراہم کریں اجلاس میں مجموعی طور پر لوکل گورنمنٹ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔