آئندہ عام انتخابات میں سکھر ڈویژن میں 22لاکھ 9ہزار 32ووٹرز اپنا حق رائے دہی کا استعمال کریں گے

جمعہ 12 جنوری 2018 23:20

سکھر۔12جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) آئندہ عام انتخابات میں سکھر ڈویژن میں 22لاکھ 9ہزار 32ووٹرز اپنا حق رائے دہی کا استعمال کریں گے جس میں 12لاکھ 25ہزار 313مرد اور 9لاکھ83ہزار719خواتین شامل ہیں، یہ بات یہاں جمعہ کے روز الیکشن 2018کے انتظامات کے سلسلے میں کمشنر سکھر ڈویژن ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ کی زیر صدارت ایک اجلاس میں ریجنل الیکشن کمشنر سکھر ڈویژن سردار مظہر حسین نے اجلاس کو ڈیٹا 2017-18کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتائی، اجلاس میں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اہم معاملات زیر غور آئے ۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ بتایا کہ سکھر ڈویژن کی کل آبادی 55لاکھ 38ہزار221ہے ، محکمہ شماریات کیجانب سے نئی آدمشماری کے تحت ملے والے اعداد شمار کے بعد ڈیٹا میں اضافہ ہوا ہے ، سکھر ، خیرپور اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز نے تعلقہ اور یوسی سطح تک آئندہ الیکشن کے سلسلے میں نقشے فراہم کردئے ہیں جبکہ کمشنر سکھر نے مقامی اداروں کے محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہری علاقوں میں قائم ٹائون ، یونین اور میونسپل کمیٹیوں کے نقشے فوری طور پر فراہم کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے سکھر ضلع میں 590، گھوٹکی 585اور خیرپور 874مجموعی طور پر 2049پولنگ اسٹیشنزکا قائم کیے جائیں گے جبکہ گزشتہ الیکشن میں کل 1722 تھے ۔ رریجنل الیکشن کمشنر سکھر نے بتایا کہ ووٹر لسٹوں کی تصدیق ، تصحیح اور نئے شناختی کارڈ رکھنے والوں کی داخلہ عمل 15جنوری سی18فروری تک جاری رہیگا ۔ نئی ووٹر لسٹوں کی اشاعت 6مارچ سی4اپریل تک کی جائیگی جس پر اعتراضات اور دعویٰ 14 اپریل تک نمٹائے جائینگے ۔

اسی طرح 30اپریل تک حتمی ووٹر لسٹیں شایع کی جائینگی ۔ درستگی ، نئی داخلا اور ختم کرنے کے لیے اے بی سی فارم جاری کئے جائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن کی GISسروے کا کام 90فیصد مکمل کیا گیا ہے ۔ کمشنر سکھر ڈویژن ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے اس موقع پر کہا کہ پولنگ اسٹیشنز کے باہر اور ہر بوتھ کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیںگے تا کہ امن و امان پر ضابطہ رکھا جا سکے اور الیکشن کے عمل کو صاف و شفاف اور غیر جانبدار بنایا جا ئے انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرکے وہاں سہولیات کی کمی کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کریں جہاں سہولیات کی کمی موجود ہو وہاں متبادل سہولیات فراہم کی جائینگی جبکہ پینے کا صاف پانی ، بجلی اور واش روم کا ہونا لازمی ہے کمشنر سکھر نے مزید کہا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقوں میں حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کرینگے ۔