وائس چیئرمین پی ایچ اے نے کینال روڈ پرکشمیر پل سے عبداللہ پور تک سڑک کے دونوں اطراف گرین بیلٹس کے کناروں پر پودے لگانے کی مہم کا افتتاح کیا

جمعہ 12 جنوری 2018 23:19

فیصل آباد۔12جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) وائس چیئرمین پی ایچ ای/ایم پی اے حاجی خالد سعید نے کینال روڈ پرکشمیر پل سے عبداللہ پور تک سڑک کے دونوں اطراف گرین بیلٹس کے کناروں پر پودے لگانے کی مہم کا افتتاح کیا۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری فقیر حسین ڈوگر اورڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے محمد آصف چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر عبداللہ نثار چیمہ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہیر احمدودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وائس چیئرمین پی ایچ اے نے کہا کہ شہر کو سرسبز وشاداب بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور گرین بیلٹس کی تزئین وترقی کے ساتھ ساتھ دستیاب جگہوں پر خوبصورت پلانٹیشن کاکام بھی جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا روڈسے جھنگ روڈتک شہریوں کودیدہ زیب ماحول کی فراہمی کے علاوہ لگائے گئے پودوں کی حفاظت کویقینی بنانے کے لئے خصوصی ہدایات کی گئی ہیں۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری فقیر حسین ڈوگر نے شہر کی خوبصورتی میں پی ایچ اے کے مثالی اقدامات کوسراہا۔ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے نے بتایا کہ کینال روڈ کے کناروں پر چاندنی،مہندی،جزوفہ اورگل فانوس کے پودے لگائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کے دیگر علاقوں میں گرین بیلٹس اورپارکوں کی سرسبز وشادابی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔

متعلقہ عنوان :