خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے دوسرے مرحلے کے کامیاب آغاز کیلئے تمام محکمے طے شدہ اصول وضوابط کے تحت محکمانہ امور کو مربوط انداز میں مکمل کریں

تاکہ گائوں کی سطح پرصفائی ستھرائی کے اس نظام کو مستقل بنیادوں پر مضبوط طریقے سے استوار کیا جاسکے،ڈویژنل کمشنر مومن آغا

جمعہ 12 جنوری 2018 23:19

فیصل آباد۔12جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) ادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے دوسرے مرحلے کے کامیاب آغاز کیلئے تمام محکمے طے شدہ اصول وضوابط کے تحت محکمانہ امور کو مربوط انداز میں مکمل کریں تاکہ گائوں کی سطح پرصفائی ستھرائی کے اس نظام کو مستقل بنیادوں پر مضبوط طریقے سے استوار کیا جاسکے۔یہ بات ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے اگلے مستقل مرحلے کے آغاز کے لئے پری بڈنگ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ایم این اے صاحبزادہ نذیر سلطان،ڈپٹی کمشنر سلمان غنی،ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ طارق قریشی،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رائے واجد علی،ایڈیشنل کمشنرکوآرڈینیشن مہر شفقت اللہ مشتاق،فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اورچنیوٹ کی ضلع کونسلز کے چیئرمین چوہدری زاہدنذیر،بابر خاں سیال،مسز فوزیہ خالد وڑائچ،ثقلین سجنکا،لوکل گورنمنٹ،ضلع کونسلزاوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ مختلف کمپنیز کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایت پر صفائی کی اہمیت اور ترقی کے اس دور میں صفائی کے نظام کادائرہ دیہاتوں تک وسیع کیا جارہا ہے لہذا اس اہم ٹاسک کوسنجیدگی کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ ڈویژن کے دیہی علاقوں کی 394یونین کونسلز میں خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے حقیقی مقاصد کے حصول میں کوئی رکاوٹ نہ رہے۔انہوں نے اربن یونٹ کی پراجیکٹ ڈیزائن سے متعلق بریفنگ کاجائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ اپنے اضلاع میں صاف دیہات پروگرام کے ادارہ جاتی ڈھانچے،کنٹریکٹرز پرشفاف انتخاب،عملدرآمداورمانیٹرنگ کے طریقہ کار سے آگاہی اور ضلع کونسلزکی طرف سے مربوط حکمت عملی کو آگے بڑھانے میں بھرپور معاونت کریں۔

اربن یونٹ کے نمائندہ محمدمراد نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے مستقل بنیادوں پر آغاز کیلئے اعلیٰ سطح پر انتظامی امور اورٹائم لائن مقررکردی گئی ہے جس کے مطابق 20جنوری کوکنٹریکٹر کی طرف سے خدمات کی پیش کش کاجائزہ لیکر 6فروری تک ورک آرڈر جاری کردئیے جائیں گے جبکہ 15فروری کو صفائی کے کام کا آغاز کردیا جائیگا۔

انہوں نے صفائی کے نظام کے لئے وسائل اورافرادی قوت کی تفصیلات سے متعلق بتایا کہ ہریونین کونسل میں چھ افراد پر مشتمل سینٹری سٹاف متعین ہوگا جبکہ ٹریکٹر،ٹرالی اور صفائی کے دیگر سازو سامان کی تفصیلات سے بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے صاف دیہات پروگرام کے پہلے مرحلے کے کامیاب آپریشن سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے اس مرحلے کو مکمل کرنے کے لئے 20جنوری تک توسیع کی گئی ہے جبکہ اگلے مرحلے کے آغاز کیلئے بھی محکمانہ اقدامات پرعملدرآمد کیا جارہا ہے۔

ایم این اے صاحبزادہ نذیر سلطان اورضلع کونسلز کے چیئرمین صاحبان نے دیہاتوں میں صفائی کے نظام کو متعارف کرانے سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی عمدہ سوچ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار دیہی علاقوں میں صفائی کانظام رائج کیا جارہا ہے جو کہ ایک شاندار انقلابی قدم ہے اوراس پروگرام کی بدولت بلدیاتی اداروں کے فوائد صحیح معنوں میں عوام تک پہنچ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ صاف دیہات پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے تمام تر انتظامی وافرادی وسائل بروئے کارلائے جائیں گے۔اس ضمن میں حکومت کی حکمت عملی میں بھرپور تعاون کریں گے۔

متعلقہ عنوان :