ڈی جی نرسنگ پنجاب نے سروسز ہسپتال کے مریضوں کی بہتر نگہداشت کرنے پر چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ثمینہ یاسمین کو حسن کارکردگی کا ایوارڈ دیا

جمعہ 12 جنوری 2018 23:18

لاہور۔12جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب کوثر پروین نے سروسز ہسپتال میںنرسنگ سٹاف کے مریضوں کی بہتر نگہداشت کرنے ، طبی ریکارڈ مکمل رکھنے ، وارڈز کی بہتر مینجمنٹ، انفیکشن کنٹرول او رلواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آنے پر چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ثمینہ یاسمین کو حسن کارکردگی کا ایوارڈ دینے کے علاوہ 24نرسوں کو بھی تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا ہے ۔

ڈی جی نرسنگ نے ثمینہ یاسمین کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نرسنگ سٹاف کیلئے رول ماڈل کا درجہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے نرسوں میں دکھی انسانیت کی خدمت کا نیا جذبہ اور جوش پیدا کیا ہے ۔ اگر شعبے کا سربراہ متحرک، دیانت دار، فرض شناس اور محنتی ہوں گے تو پورا ادارہ اعلی کارکردگی کا عملی نمونہ بن جائے گا۔

(جاری ہے)

ثمینہ یاسمین محنت، خلوص اور حسن کارکردگی کی شاندار مثال ہیںجنہوں نے مریضوں کی خدمت کا اعلی معیار قائم کیا ہے ۔

انہوں نے جس طرح اپنے ہسپتال میں نرسوں کی تربیتی ورکشاپس ، سیمنارزاور سمپوزیمز کے انعقاد کے ذریعے نرسوں کا نالج اپ ٹو ڈیٹ رکھنے کا اہتمام کیا ہے۔ باقی طبی اداروں کی انتظامیہ کو بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے اداروں کو ترقی دینا چاہیے۔کوثر پروین نے کہا کہ سی این ایس سروسز ہسپتال کے اقدامات کی بدولت ادارے کی کارکردگی کا گراف بلند ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف نے نرسوں کی بیرون ملک سے ٹریننگ، ان کے سروس سٹرکچر کی بہتری اورپبلک سروس کمیشن کے ذریعے نرسنگ کی ملازمتوں کی شفاف انداز میں تقسیم جیسے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ان کے دور میں نرسنگ سیکٹر میںمثالی ترقی دیکھنے میں آئی ہے ۔ اس موقع پر ثمینہ یاسمین نے رواں سال بھی اسی جذبے اور محنت سے مریضوں کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھنے کا عز م ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ جیسا مقدس پیشہ بچیوں کیلئے خدمت خلق کے ساتھ ساتھ اعتماد کے ساتھ زندگی میں آگے بڑھنے کا وسیلہ ثابت ہوتا ہے۔

اس پیشے میں دین دنیا دونوں کی کامیابی یقینی ہے ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ تعریفی سرٹیفیکٹس نرسوں کے کیرئیرمیں ترقی اور کامیابی کا زینہ ثابت ہوں گے۔ تعریفی اسناد حاصل کرنے والی اسما تاج، رقیہ رحمت، کہکشاں ارشد، سعدیہ ناز، نصرت پروین، منیزہ الیاس، ام کلثوم، شہناز اختر، ثوبیہ حسین، شگفتہ کالور،گلشن اختر، شکیلہ نذیر، صدف عارف، امرت غلام حسین، سمیرہ ارشد، اقصیٰ خورشید،شائستہ شہزادی، صدف کنول، مریم انیتا،فائقہ اسلم، وجیہہ اسرار، اقراء شوکت، اسماء خان اور طاہرہ یوسف شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :