چھ سالہ کائنات کو چلڈرن ہسپتال میں علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، پروفیسر مسعود صادق

جمعہ 12 جنوری 2018 23:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2018ء) چلڈرن ہسپتال لاہور کے ڈِین پروفیسر مسعود صاد ق نے کہا ہے کہ چھ سالہ کائنات بتول کو وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق علاج معالجہ کی بہترین سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ چھ سالہ کائنات بتول کو گذشتہ روزچسٹ انفیکشن کی شکایت پر دوبارہ چلڈرن ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔

ڈاکٹر مسعود صادق کا کہنا تھا کہ چھ سالہ کائنات کو گذشتہ سال نومبر میںتشویشناک حالت میں داخل کرایا گیا تھا جس کے دوران مریض بچی 5 دن وینٹی لیٹر پر رہی اور تقریباً ایک ماہ تک انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج رہنے کے بعد2 جنوری 2018 ء کو ہسپتال سے ڈسچارج ہوئی۔ ڈِین چلڈرن ہسپتال نے مزید بتایا کہ سینئر ڈاکٹرز کی میڈیکل ٹیم نے بچی کا معائنہ کیا اور اُنہیں جنسی یا جسمانی تشدد کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے بتایا کہ کائنات بتول کا ایم آر آئی ٹیسٹ کیا گیا جس میں ANOXIC BRAIN DAMAGEکی تصدیق ہوئی ہے۔پروفیسر مسعود صادق نے مزید کہا کہ چھ سالہ مریضہ کی حالت قدرے بہتر ہے تاہم اُسے ابھی مزید علاج کی ضرورت ہے اور بچی ابھی بول نہیں سکتی۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم چھ سالہ کائنات بتول کا علاج معالجہ اور نگہداشت کر رہی ہے ۔ اِس ٹیم میں فیزوتھراپی ، سپیچ تھراپی، نرسنگ کیئر اور پیڈزسرجری ، نیروسرجری اور نیرولوجی کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :