پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام قصورمیں معصوم بچی زینب کے بہیمانہ قتل کیخلاف کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ

سالہ معصوم بچی کا سفاکانہ قتل انسانیت کی تذلیل ہے ، زینب کے قتل پر پوری قوم صدمے میں ہے، رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی

جمعہ 12 جنوری 2018 23:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام قصورمیں معصوم بچی زینب کے بہیمانہ قتل کے خلاف جمعہ کو کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے کی قیادت پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر ایم این اے شاہدہ رحمانی ،جنرل سیکرٹری شاہینہ شیر علی اور سیکرٹری اطلاعات شاہینہ سعیدہ نے کی ۔

پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی ،راشد ربانی ،خالد لطیف اور اور ذوالفقار قائم خانی نے اس موقع پر خصوصی شرکت کی ۔مظاہرے میں خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی جنہوںنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔مظاہرے سے خطاب سے کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ 7سالہ معصوم بچی کا سفاکانہ قتل انسانیت کی تذلیل ہے ۔

(جاری ہے)

زینب کے قتل پر پوری قوم صدمے میں ہے، یہ دکھ صرف ان کو نہیں پہنچا جن کی بچی ہے، یہ پوری قوم کا دکھ ہے۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب کے حکمران اپنی حکومت بچانے میں لگے ہیں، یہ واقعہ ان کی گوڈ گورننس کے منہ پر طمانچہ ہے۔ایسے سفاکانہ عمل کی صرف مذمت کردینا کافی نہیں ہے ۔خود کو خادم اعلیٰ کہنے والے شہباز شریف کواپنی نااہلی کو تسلیم کرتے ہوئے مستعفی ہوجائیں ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے۔شریف خاندان اپنی بقا کی جنگ میں مصروف ہے اور قوم کی بیٹیوں کو مرنے کے لیے چھوڑدیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹان کے ملزموں کو سزا ملتی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔انہوںنے کہا کہ ریاست معصوم بچوں کے ساتھ عصمت دری اور قتل جیسے سنگین جرم میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت قانون سازی کرے۔