Live Updates

اشتہارات میں سڑکیں بنانے سے کوئی قوم نہیں بنتی ، شریف برادارن 19 سال سے پنجاب میں حکومت کر رہے ہیں ،

وہاں کی پولیس پر عوام کو اعتماد نہیں، قصور میں جو ہوا لوگوں نے پولیس اور حکمرانوں کی بجائے آرمی چیف اور چیف جسٹس سے مدد مانگی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب

جمعہ 12 جنوری 2018 22:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اشتہارات میں سڑکیں بنانے سے کوئی قوم نہیں بنتی۔ شریف برادارن 19 سال سے پنجاب میں حکومت کر رہے ہیں لیکن وہاں کی پولیس پر عوام کو اعتماد نہیں ہے، قصور میں جو ہوا لوگوں نے پولیس اور حکمرانوں کی بجائے آرمی چیف اور چیف جسٹس سے مدد مانگی۔

وہ پشاور میں خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں جو کچھ حاصل کیا گیا وہ کسی صوبے میں حاصل نہیں کیا گیا، شریف برادران صرف عوام کو گمراہ کرتے ہیں اشتہارات میں سڑکیں بنانے سے قومیں نہیں بنتیں۔ قومیں تعلیمی اداروں سے بنتی ہیں۔ شریف برادران 19 سال سے حکومت میں ہیں لیکن وہاں پولیس کی حالت دیکھیں۔

(جاری ہے)

عوام پنجاب پولیس پر اعتماد نہیں کرتی۔انہوں نے کہاکہ قصور میں پیش آنے والا واقعہ شرمناک ہے، چند ماہ کے دوران 12 بچیوں کو زیادتی کر کے قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا ماضی میں بھی بچوں سے زیادتی کی ویڈیوز سامنے آئیں مگر قصور کی پولیس کیا کر رہی تھی جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں لڑکی سے زیادتی کے 11 میں سے 10 ملزم گرفتار کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں ہم آئی جی میرٹ پر لائے ہیں، میرٹ وہاں ہوتی ہے جہاں ادارے مضبوط ہوتے ہیں، سسٹم کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

خیبر پختونخوا میں پولیس کا بہترین نظام ہے، صوبے میں 5 ہزار پولیس والوں کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نکالا گیا ۔انہوں نے کہاکہ سسٹم کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، کہتے ہیں کہ بیورو کریسی کام نہیں کرتی لیکن اگر اسے متحرک کردیں تو یہی بیوروکریسی وہ کام کر سکتی ہے جو نجی ادارے نہیں کر سکتے۔مجھے خیبر پختونخوا کی پولیس دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گدھے پر لکیریں ڈالنے سے وہ گھوڑا نہیں بنتا اور نا ہی اشتہارات پر سڑکیں بنانے سے ملک اور قوم بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو روزگار فراہم کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، بے روزگاری کی وجہ سے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد دیار غیر میں مقیم ہے، سب سے بڑی غلامی ذہنی غلامی ہوتی ہے جو انسان پہلے ہی یہ سوچ لے گا کہ میں ہارجاؤں گا تو وہ کس طرح جیت سکتا ہے۔

آزاد ذہن ہی آزاد سوچ رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ ملک کے تعلیمی نظام پر پورا زور لگانا ہے، کے پی کے کی حکومت نے جو کچھ حاصل کیا وہ کسی اور صوبے نے حاصل نہیں کیا جبکہ ہری پور میں بھی بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی بنا رہے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں خیبر پختونخوا کے تعلیمی نتائج بہترین ہیں اور خیبر پختونخوا میں جو کچھ حاصل کیا وہ کسی صوبے نے نہیں کیا۔

انہوں نے کہاکہ نے کہا کسی صوبے کے وزیراعلیٰ نے ایسا کام نہیں کیا جیسا پرویزخٹک نے کیا، قوم سڑکیں، موٹرویز اور اشتہارات سے نہیں بنتی، قوم انسانوں پر سرمایہ کاری اور اداروں کو مضبوط کرنے سے بنتی ہے۔ انہوں نے کہا میرٹ پر ٹیلنٹ کو آگے لانے والے ممالک ہی آگے نکل سکتے ہیں، جب تک میرٹ کا نظام نہ ہو وہ اوپر نہیں آ سکتا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا گلوبل وارمنگ اور آلودگی مستقبل میں بڑے مسائل بننے والے ہیں، خیبر پختونخوا حکومت نے 3 سال میں ایک ارب درخت لگائے، پورا ملک خیبر پختونخوا کے تعلیمی نظام کی تعریف کر رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اگلے سیزن میں خیبرپختونخوا میں سیاحت کے 4 مقامات کھولیں گے جب کہ ہر سال نئے ریسٹورنٹ سیاحت کے لیے کھولیں جائیں گے۔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے وسائل سے مالا مال کیا ہے ہم نے سیاحت میں کام کیا تو اس سال سب سے زیادہ سیاح آئے۔ لوگوں کو پاکستان کا پتہ ہی نہیں کہ یہ کتنا خوبصورت ملک ہے گزشتہ ایک سال کے دوران سیاحت کے شعبے میں بہت زیادہ کام ہوا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات