نیب نے پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا

پارک ویو ہائوسنگ، ریورایج ہائوسنگ سوسائٹی اور دیگر ہائوسنگ سکیموں میں کرپشن پر تحقیقات کا فیصلہ مبینہ کرپشن میں ملوث ایل ڈی اے کے سابق ڈی جی،ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور دواہلکاروں کو تحقیقات کے لئے نوٹس بھجوا دیئے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ،2010 ء میں ایل ڈی اے سے منظور شدہ سوسائٹی خریدی ،پہلے سے منظور شدہ ہاسنگ سوسائٹی کا توسیعی پلان دیا ‘ عبدالعلیم خان

جمعہ 12 جنوری 2018 22:18

نیب نے پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب )نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے پارک ویو ہائوسنگ، ریورایج ہائوسنگ سوسائٹی اور دیگر ہائوسنگ سکیموں میں کرپشن پر تحقیقات کا فیصلہ کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے تحریک انصاف کے رہنما و سابق رکن پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان کے خلاف پارک ویو ولاز، ریورایج ہائوسنگ سوسائٹی ملتان روڈ اور دیگر میں کرپشن کے الزامات پر تحقیقات نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب لاہور کی طرف سے ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل کے نام ایک خط میں ایل ڈی اے کے پانچ افسروں اور اہلکاروں کو انکوائری کے لئے نوٹس بھجوا دیئے گئے ہیں۔ ان میں ڈائریکٹر شیخ عبدالقیوم، ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم اخترزیدی، سابق ڈی جی راجہ عباس، سی ایم پی خواجہ شوکت جمال اور پٹواری اکرم شامل ہیں۔

(جاری ہے)

علیم خان کو 15جنوری کو نیب لاہور کے ٹھوکرنیازبیگ آفس میں حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق تحقیقات پارک ویو ولاز اور دیگر ہائوسنگ سکیموں میں کرپشن کے الزامات پر کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب اس حوالے سے عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ، سرکاری ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے،2010 ء میں ایل ڈی اے سے منظور شدہ سوسائٹی خریدی اور پہلے سے منظور شدہ ہاسنگ سوسائٹی کا توسیعی پلان دیا ہے۔ ایل ڈی اے حکومتی دبائو پر ڈرانے دھمکانے کی پالیسی سے باز رہے ،دبائو برداشت کریں گے، عمران خان کے ساتھ تھے ، ہیں اور رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ، انتقامی کاروائی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا ، حکمران زور لگا کر دیکھ لیں ،ارادے متزلزل نہیں کر سکتے ۔

متعلقہ عنوان :