خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام"اپنی نوعیت کا مثالی اقدام ہی,صفائی ہمارے مذہب کی اساس ہے، ڈاکٹر اللہ بخش ملک

جمعہ 12 جنوری 2018 22:01

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2018ء) سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے کہا ہے کہ "خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام"اپنی نوعیت کا مثالی اقدام ہے جس نے پورے صوبہ کے دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کا ایک نیا منشور پیدا کرتے ہوئے پوری کمیونٹی کو اپنے گرد و نواح کو صاف رکھنے کے لیے متحرک کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صفائی تو ہمارے مذہب کی اساس ہے اور رسول کریم ﷺ نے صفائی کو نصف ایمان قرار دیکر ہم پر جسمانی ،ذہنی اور ماحولیاتی پاکیزگی کی اہمیت کو اُجاگر کر دیا ہے اور بحیثیت مسلمان اور پاکستانی ہمارا فرض ہے کہ ہم حکومت پنجاب کے اس پروگرام کو بھر پور کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونین کونسل نانوآنہ اور ناہریانوالہ کے دیہاتوں بھاکا بھٹیاں اور بچہ نو میں"خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام"کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شاہد اقبال بھٹی ،سی ای او ایجوکیشن افتخار نواز ورک،اے سی حافظ آباد امتیاز شاہد گوندل ،اے سی کوارڈ اعجاز بھٹہ ، سید ظہیر شاہ سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے دیہی علاقوں میں گندگی کے ڈھیروں کو ختم کرنے اور کوڑا کرکٹ کو مقررہ ڈمپنگ سائٹس تک پہنچانے کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے اس پروگرام کے مطلوبہ نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے پہلے مرحلہ میں 31جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے اور اسے اب مذید وقت ملنے کے بعد لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ ،ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکمے زیادہ بہتر نتائج دکھا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی میں مقامی آبادی کی رضا کارانہ شرکت بھی بڑی اہمیت کی حامل ہے اور اس سلسلہ میں انتظامی اداروں کے ساتھ تعاون دیہی علاقوں سے گندگی کے مستقل خاتمے کی راہ ہموار کرے گا ۔ضلعی انتظامیہ کے افسران نے سیکرٹری ایجوکیشن کو ضلع کی تمام یونین کونسلوں میں"خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام"کے حوالہ سے اب تک کیے گئے اقدامات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی ۔سیکرٹری ایجوکیشن نے ابتک کی کارکردگی کوتسلی بخش قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنایا جائے تاکہ پہلے مرحلے کے مکمل نتائج حاصل ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :