جوبلی انشورنس 10ویں قومی جونیئر انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ کا آغاز (کل) ہو گا، جونیئر انڈر 18 کے عالمی چیمپئن محمد نسیم اختر ٹائٹل کا دفاع کریں گے

جمعہ 12 جنوری 2018 21:34

جوبلی انشورنس 10ویں قومی جونیئر انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ کا آغاز (کل) ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس ای) کے زیر اہتمام، پاکستان سپورٹس بورڈ اور جوبلی انشورنس کے تعاون سے 10ویں قومی جونیئر انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ کا آغاز (کل) ہفتے سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے سنوکر ہال اسلام آباد میں ہو گا، جونیئر انڈر 18 کے عالمی چیمپئن محمد نسیم اختر ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔

جمعہ کو پی بی ایس اے کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے اپنی اپنی صوبائی چیمپئن شپس سے کوالیفائی کرنے والی34کھلاڑیوں نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں رپورٹ کر دی اور اس کے بعد پی بی ایس اے کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل نوید کپاڈیہ کے ساتھ میٹنگ میں شرکت کی جس کے بعد چیمپئن شپ کے ڈراز نکالے گئے، ڈراز کے تحت ایونٹ میں شریک 34 کیوئسٹس کو 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ سے دو کیوئسٹس پری کوارٹر فائنلز کیلئے کوالیفائی کریں گے، فائنل جمعہ 19جنوری کو ہوگا چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن اور موجودہ ورلڈ انڈر18- چیمپئن محمد نسیم اختر اور گذشتہ سال کے رنرز اپ محمد حارث طاہر بھی شرکت کر رہے ہیں، کوالیفائنگ رائونڈ بیسٹ آف فائیو، پری کوارٹر فائنلز اور کوارٹر فائنلز بیسٹ آف سیون، سیمی فائنلز بیسٹ آف نائن جبکہ فائنل بیسٹ آف الیون فریمز پر مشتمل ہو گا۔

(جاری ہے)

ایونٹ کیلئے ایک لاکھ اور 30 ہزار روپے کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے، فاتح کیوئسٹ کو 50 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا، چیمپئن شپ کا فاتح کیوئسٹ رواں برس میانمار میں شیڈول 19ویں ایشین انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ اور چین میں ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرے گا۔

متعلقہ عنوان :